وزیر اعظم سے محسن نقوی کی ملاقات ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

 وزیر اعظم سے محسن نقوی کی ملاقات ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں امن و امان کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی ۔

محسن نقوی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ملکی امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس کے علاوہ ملاقات میں ملک کی  سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ورکنگ ویمن کے قومی دن کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہاہے کہ ورکنگ ویمن کے قومی دن پر ہم اپنے معاشرے کی تعمیر اور ملک کی معاشی ترقی کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی خواتین کے اہم کردار اور شراکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ خواتین ہماری آبادی کا نصف سے زیادہ ہیں اور ہمارے ملک کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ جیسا کہ ہماری قوم کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح نے بجا طور پر فرمایا تھا کہ ‘‘کوئی قوم اس وقت تک عظمت کی بلندی پر نہیں پہنچ سکتی جب تک کہ تمہاری عورتیں تمہارے شانہ بشانہ نہ ہوں\" آج، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں خواتین کو ملک کی ترقی میں بہترین کارکردگی اور کردار ادا کرنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ خواتین تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال سے لے کر کاروبار اور عوامی خدمت تک مختلف شعبوں میں قائدانہ عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کی خدمات پیشہ ورانہ میدان کے علاوہ خاندانوں کی پرورش اور آنے والی نسلوں کو پروان چڑھانے کے حوالے سے ناگزیر ہیں۔ ہم نے خواتین کی مہارت اور قابلیت کو بڑھانے کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام بھی شروع کیے ہیں ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ہم اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ خواتین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں