پاکستان چین عالمی امن کیلئے ملکر کام کرسکتے :شہبازشریف

 پاکستان چین عالمی امن کیلئے ملکر کام کرسکتے :شہبازشریف

اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے پاکستان اور ما ؤزے تنگ نے جدید چین کی بنیاد رکھی، پاکستان اورچین کے تاریخی تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار ہیں۔

پاکستان اور چین کی آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر شپ نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ، عالمی امن و خوشحالی کیلئے پاکستان او ر چین مل کر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے ممتاز چینی آرٹسٹ و مجسمہ ساز ماسٹر یوآن شیکم سے ملاقات اور25 دسمبر کو قائد اعظم اور 26 دسمبر کو ما ؤزے تنگ کی سالگرہ کی مناسبت سے مجسموں کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ تقریب تاریخی ہے ،ماؤ زے تنگ کی عزت و احترام ہر پاکستانی کے دل میں ہے ۔ وزیراعظم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور چیئرمین ماؤ زے تنگ کے مجسموں کو قیمتی تحفے قرار دیا۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کے سفارت خانے گئے اور سفیر خضرفرہادوف سے ملاقات کی ،انہوں نے قازقستان میں آذربائیجان کے ہوائی جہاز کو پیش آنے والے حادثے اور اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی ۔بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے طیارے کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر آذربائیجان کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا اوریقین دلایا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کو درکار ہر تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں