عمرا ن خان کو ہائوس اریسٹ کی آفر نہیں ہوئی:سلمان اکرم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)رہنما تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ مذاکرات میں سنجیدگی ہوئی تو حکومت تسلیم کر نے کی گنجائش نکالی جاسکتی ہے۔
دنیا نیوزکے پروگرام ’’ٹونائٹ ود ثمرعباس‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات درست سمت میں چلے تو 31 جنوری کی ڈیڈلائن بڑھ سکتی ہے ، عمرا ن خان کو بنی گالا ہائوس ریسٹ یاپشاور بھیجنے کی کوئی ڈیل آفر نہیں ہوئی، اگربانی کا فوجی عدالت میں ٹرائل ہوا توایک بچگانہ حرکت ہوگی، پی ٹی آئی کے دور میں بھی اگر کسی کو فوجی عدالتوں سے سزا ہوئی توغلط ہوا۔ یورپی یونین نے بھی ملٹری کورٹ بارے تحفظات کا اظہارکیا۔ ملٹری کورٹ میں سویلین کا ٹرائل انسانی حقوق کی نفی ہے ، ملٹری کورٹ میں سویلین کا ٹرائل نہیں ہوسکتا۔ فوجی عدالتوں میں جو ہوتا ہے ہم سب جانتے ہیں،ملک کے لیے بانی پی ٹی آئی کی رہائی ضروری ہے ۔مشیروزارت قانون وانصاف بیرسٹرعقیل ملک نے کہا ہے کہ کسی کی ڈیل حاصل کرنے کی خواہش ہوسکتی ہے ، حکومت نے کسی کوڈیل یا ڈھیل کی آفرنہیں کی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا اپنا مسئلہ ڈیل حاصل کرنا ہے ، کوئی ڈیل آفرہوئی اورنہ ہم کریں گے ، حکومت آگے چل کر بھی کوئی ڈیل آفرنہیں کرے گی، توشہ خانہ کیس کے فیصلے میں تاخیر محض اتفاق ہے اور کچھ نہیں۔