پاسکوکرپٹ ،ایف بی آرمیں تبدیلیاں جاری:وزیرخزانہ
کمالیہ (نمائندہ دنیا ،مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)و فاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معیشت کا پہیہ چلنا شروع ہو گیا ، کوشش ہے شرح سود کو سنگل ڈیجٹ پر لے آئیں،مہنگائی میں نمایاں کمی اور روپیہ مستحکم ہو رہا ہے۔
بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے ،ملکی مفادات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا،خیرات سے ہسپتال اور تعلیمی ادارے تو چل سکتے ہیں لیکن ملک نہیں ، ملک ٹیکس سے چلتے ہیں۔ پاسکو سب سے کرپٹ ادارہ ہے ،مانتا ہوں ایف بی آر بھی کرپٹ ہے ،ا س میں تبدیلیاں کررہے ہیں ۔وزیرخزانہ نے کمالیہ میں کسانوں و دیگر سٹیک ہولڈرز اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملکی ترقی و معیشت کے استحکام کیلئے اداروں کی نجکاری اورٹیکس اصطلاحات میں بہتری ناگزیر ہے ، ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو ٹیکس دینا ہوگا،ہم اسلام آباد میں دربار لگا کر نہیں بیٹھے بلکہ عوام اور تاجروں کے ساتھ رابطہ میں ہیں، وزیراعظم شہباز شریف ملکی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہیں ،شرح سود میں کمی کی ہر ممکنہ کوشش کر رہے ہیں،شرح سود سنگل عدد میں آئے گی۔وزیر خزانہ نے ایف بی آر میں کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ انرجی کرائسز پر قابو پانے کے لئے کرپشن پر قابو پانا ضروری ہے۔
پاسکو سب سے زیادہ کرپٹ ادارہ ہے ،ایف بی آر میں لوگوں کو تبدیل کررہے ہیں ۔محمداورنگزیب نے کہاکہ زراعت اورآئی ٹی کے شعبہ میں بہتری کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا ،کمالیہ میں پولٹری کی صنعت اور کھدر انڈسٹری کی بہتری کے لئے جلد منصوبوں پر عمل شروع کیا جائے گا۔ انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کر کے پورے کر رہے ہیں،وزیراعظم محمد شہبازشریف کی قیادت میں حکومت کے مثبت اقدامات سے معاشی استحکام آیا ہے ،خداکا شکر ہے مہنگائی کم ہوئی ،افراط زر5 فیصد پر پہنچ گیا، فارن ایکسچینج ریزرو میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا پہیہ ابھی چلنا شروع ہوا ہے ،معاشی اہداف ہمیں استحکام کی طرف لیکر جا رہے ہیں ۔ زراعت کے شعبے میں پچھلے سال بہتری آئی، زراعت اور پولٹری کے سیکٹر کو آگے لیکر چلنا ہے ، پچھلے 6 ماہ کے دوران اہداف حاصل کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔ انرجی سیکٹر میں وزیر توانائی اویس لغاری بہت محنت کر ر ہے ہیں،آپ جلد دیکھیں گے ٹیرف بھی کم ہوگا، ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔