نظام تعلیم میں جدید دور کے مطابق تبدیلیاں، بہتری لائینگے: مریم نواز
لاہور(اے پی پی، دنیا نیوز)2024 کا سنہرا اختتام، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایجوکیشن میں بہتری کی بنیاد رکھ دی۔ وزیراعلیٰ نے منصب سنبھالتے ہی ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے لئے ریکارڈ کام کیے۔
انہوں نے ہونہار سکالر شپ،پہلا پبلک سکول ری آرگنائزیشن، ہائر ایجوکیشن انٹرن شپ،چیف منسٹر سکول نیوٹریشن، لاہور کنڈرگارٹن سکول اورہر تحصیل میں گرلز کالجز کے لئے بسیں دینے کا آغاز کیا۔ داخلوں کیلئے بیک ٹو سکول کمپین شروع کی گئی،سرکاری سکولوں میں نئے کلاس روم بنائے گئے ،سائنس اورآئی ٹی لیبارٹریزکا قیام عمل میں لایا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے چین کی طرز پر ابتدائی کلاسز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس ایجوکیشن کیلئے پلان طلب کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے پنجاب کے ہر بچے کو بہترین اورجدید علوم حاصل کرنے کا پورا حق ہے ۔بچوں کی تعلیم کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا نظام تعلیم میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تبدیلیاں اوربہتری لائیں گے ۔سکول ایجوکیشن کونسل کی تشکیل نو، لیپ ٹاپ سکیم،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سولرائزڈ چارجنگ سٹیشن، نئی یونیورسٹیاں،گرین سکول پروگرام کا جلد آغاز کیا جائے گا۔ پنجاب میں سکول ہاکی لیگ اور پاکستان کا سب سے بڑا سکول اولمپکس کروانے ،سرکاری سکولوں میں تھییم آف منتھمتعارف کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ ڈویژن، ڈسٹرکٹ اورتحصیل میں ایجوکیشن افسروں کے ٹیسٹ اورانٹرویو کے بعد میرٹ پر تعیناتی کی گئی۔ نصاب کی تشکیل،ٹیچرز ٹریننگ اوردیگر امور کیلئے ایک ہی اتھارٹی قائم کرنے کیلئے اقدامات بروئے کار لائے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے گرلز کالجز کوٹرانسپورٹ کی سہولت دینے کے وعدہ کو پورا کرتے ہوئے 76 گرلز کالجز میں سے پہلے مرحلے میں 19گرلز کالجز کو بسیں دے دیں۔ پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام شروع کیا گیا جس سے 40ارب روپے کی بچت ہوئی اور 70 ہزار نوجوانوں کے لئے روزگارمواقع پیدا ہوئے ۔ سکولوں کی آؤٹ سورسنگ سے طلبہ کی تعداد میں کئی سو فیصد اضافہ ہوا۔پنجاب کے سرکاری کالجوں میں 7354 کالج ٹیچرز انٹرنیز کی بھرتیاں کی گئیں ۔ہرکالج ٹیچر انٹرنیز کو چھ ماہ تک 50ہزار روپے ماہانہ دیا جارہا ہے ۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سکولوں میں بچوں کوڈبہ بند دودھ کی فراہمی کا پراجیکٹ شروع کیا گیا۔تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو لاکھوں کے انعامات دیئے گئے اورپوزیشن ہولڈرز کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت ادا کرے گی۔وزیراعلیٰ کی ذاتی دلچسپی اور خصوصی ہدایت پر ٹیچر ٹرانسفر پالیسی میں ہارڈشپ کیٹیگریز شامل کر کے پالیسی کو استاد دوست بنا دیا گیا۔ آؤٹ آف سکول بچوں کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانے کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے جس میں منتخب تحصیلوں کو مرحلہ وار تحصیل ود زیرو آؤٹ آف سکول چلڈرن بنایا جارہا ہے ۔ پنجاب بھر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور کالجز کے ڈائریکٹر زکی شفافیت پر مبنی میرٹ پر تعیناتی کی گئی۔
دریں اثنائوزیر اعلیٰ مریم نواز سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون کو مزید بلندی پر پہنچانے کے لئے پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاشی تعاون اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر بھی بات ہوئی ۔ وزیر اعلیٰ نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے دعوت دی اور ان کیلئے خصوصی مراعات اور سازگار ماحول کی یقین دہانی کرائی۔ یو اے ای کے سفیرنے وزیر اعلیٰ کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی۔ سفیر نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات پر وزیر اعلیٰ کی تعریف کی۔ مریم نوازنے کہا انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں یو اے ای کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پنجاب زراعت، ٹیکنالوجی،گرین انرجی اور دیگر شعبوں میں یو اے ای کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے ۔ متحدہ عرب امارات کے سفیرنے کہا پاکستان میں مزید پراجیکٹس پر کام کرنا چاہتے ہیں۔