سرکاری ملازمین خود کو عوام کا حقیقی خادم سمجھیں، احسن اقبال

سرکاری ملازمین خود کو عوام کا حقیقی خادم سمجھیں، احسن اقبال

لاہور(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے سرکاری ملازمین پر ملازمت کے علاوہ بھی کئی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، سب سے اہم ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے آپ کو عوام کا حقیقی خادم سمجھیں اور عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔

ملازمت کے دوران ٹریننگ کا بڑا مقصد یہی ہے افسر جدید ترین مہارتوں سے آراستہ ہو کر اپنے فرائض منصبی مزید بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔ وہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اکیڈمی میں اسسٹنٹ کمشنرز کی خصوصی ٹریننگ کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری اپیکس کمیٹی جہاں زیب خان، ڈائریکٹر جنرل اکیڈمی فرحان عزیز خواجہ اور دیگر اعلیٰ وفاقی افسربھی موجود تھے۔ احسن اقبال نے افسروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا اس وقت پاکستان کئی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے ان حالات میں سول سروس کا کردار مزید اہم ہوجاتا ہے ۔ قانون اور آئین کی حکمرانی کا نفاذ بہت ضروری ہے ۔ سول افسر خدمات کا وہ اعلیٰ معیار اپنائیں کہ جہاں بھی جائیں لوگ انہیں یاد رکھیں۔ان کا کہنا تھا کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بے حد ضروری ہے ، تربیت پانے والے افسر اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو گڈ گورننس اور سروس ڈلیوری کے لیے مرکزی اہمیت دیں۔ان کا کہنا تھا ہمیں انتظامی و معاشی میدانوں میں جاپان، ملائشیا، جنوبی کوریا جیسے ممالک کے ماڈلز سامنے رکھنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اعلیٰ کارکردگی والے افسروں میں انعامات تقسیم کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں