لاہور اتھارٹی فارہیرٹیج ریوائیول قائم، نواز شریف پیٹرن انچیف مقرر

لاہور(د نیانیوز)لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی اور تحفظ کیلئے لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول (لہر)قائم کردی گئی ،جس کے پیٹرن انچیف مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف اور نوازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اجلاس ہوا جس میں تاریخی ورثے کی بحالی اور اس کو محفوظ کرنے کے لئے نوازشریف کی سربراہی میں لاہور اتھارٹی فار ہیرٹیج ریوائیول قائم کی گئی جبکہ متعلقہ افسروں پر مشتمل’’لہر‘‘ کی ذیلی فنکشنل کمیٹی بھی قائم کر دی گئی،اجلاس میں لاہور کے تاریخی مقامات سے تجاوزات کی نشاندہی اور ہٹانے پر اتفاق کیا گیا۔نوازشریف نے تجاوزات کے متاثرین کو کاروبار کے لئے متبادل جگہ اور معاوضہ دینے کی ہدایت کی اور لاہور کے ہیر ٹیج ایریاز کی بحالی کے لئے جامع پلان طلب کرلیا، لاہور کے ہیر ٹیج ایریاز کی بحالی کے لئے شہر چھ زون میں تقسیم کیا گیا ہے ۔اجلاس میں تمام زون ہیر ٹیج ایریاز کی بحالی کے لئے بیک وقت کام شروع کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، انڈر گراؤنڈ پارکنگ کے لئے شہر کے پانچ مقامات کی نشاندہی کر لی گئی۔نیلا گنبد ،سرکلر روڈ، باغیچیاں اور بدرو کو اصل حالت میں بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔وزیراعلٰی مریم نواز نے سرکلر روڈ اور تاریخی دروازوں کے اطراف میں تجاوازت پر اظہار برہمی کیا اور رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت کی،شاہ عالم مارکیٹ تا بھاٹی تک پیدل گزرگاہ بنانے کی تجویز پر غورکیاگیا۔ نوازشریف نے کہا کہ پرانا لاہور بہت خوبصورت ہے ، اصل حالت میں بحال کیا جانا ضروری ہے ، قومی ورثہ کو تباہ کرنا پسماندگی کے مترادف ہے ۔ مریم نواز کاکہناتھاکہ قدیم لاہور کی بحالی پر کام کررہے ، چند سال میں شہر کی اچھی شکل نظر آئے گی ۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ لاہور میں کم از کم 115 عمارتیں تاریخی ورثہ کی حیثیت رکھتی ہیں، مال روڈ پر سعادت منٹو، شورش کاشمیری اور دیگر ادبی شخصیات کی رہائش گاہوں پر تختی لگا کر نمایا ں کیا جائے گا۔