خطے کی نسبت پاکستان میں بجلی کے نرخ ڈبل:صدر ایف پی سی سی آئی:قیمت معقول بنائینگے:وزیر خزانہ

خطے کی نسبت پاکستان میں بجلی کے نرخ ڈبل:صدر ایف پی سی سی آئی:قیمت معقول بنائینگے:وزیر خزانہ

اسلام آباد(وقائع نگار)صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ خطے میں بجلی کا ریٹ 6 سے 7 سینٹ ہے اور پاکستان میں 15 سینٹ ہے ، یہ نرخ ڈبل سے زائد ہیں۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ اور کم از کم  8 فیصد پر ہونا چاہیے تھا۔ توانائی کے بحران کو حل کرکے ہی ایکسپورٹ کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیٹرن انچیف یو بی جی ایس ایم تنویر،ممبر قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ،نائب صدر طارق جدون،محمد اشفاق ،چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، صدر ویمن چیمبر ثمینہ فاضل و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پیٹرن انچیف یو بی جی ایس ایم تنویر نے کہا کہ توانائی قیمتوں کو خطے کے برابر نہیں لائیں گے تو برآمدات بڑھانا اور کشکول توڑنا ممکن نہیں ہو گا،ڈالرز لانے کے دو ہی طریقے ہیں یا تو کشکول اٹھائیں اور آئی ایم ایف کے پاس چلے جائیں،دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ہم انڈسٹری کو بحال کریں اور برآمدات بڑھائیں۔حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان میں غیر ضروری تاخیر کر رہی ہے ۔

بجلی قیمتوں میں کم سے کم 10 روپے کمی ہونی چاہیے ۔ بیالیس حکومتی آئی پی پیز ہیں جن سے ٹیک اینڈ پے کی بات کی جانی چاہیے ۔بجلی کی قیمت 26 روپے یونٹ مقرر کی جائے ، مرزا اختیار بیگ نے کہا کہ اصلاحات کے نام پر بنی ٹاسک فورس نے سولر سسٹم پر ہاتھ ڈالا ہے ،27 روپے فی یونٹ بجلی خریدی جارہی تھی اب 10 روپے ریٹ مقرر کیا ہے ۔طارق جدون نے کہا کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ انڈسٹری لگنی چاہیے ۔مہنگائی میں کمی کا اثر مارکیٹ پر نہیں پڑ رہا، مارکیٹ میں قیمتیں برقرار ہیں۔علاوہ ازیں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہا کہ میثاق معیشت کی تیاری جیسے اقدامات قابل تعریف ہیں، ایسے اقدامات اس وقت بھی اس لئے ضروری ہیں جب سیاسی جماعتیں ایک مشترکہ اقتصادی مقصد پر متفق ہیں، حکومت صنعتوں کے لئے توانائی کی قیمتوں کو مزید معقول بنانے اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ۔ پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لئے عارضی حل کی بجائے مستقل، پائیدار اور متحدہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں