سامنے آکر بتائیں عمران کیا کریں تو رہا کرینگے :علیمہ

 سامنے آکر بتائیں عمران کیا کریں تو رہا کرینگے :علیمہ

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈیسک،اپنے نامہ نگارسے ) سابق وزیر اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں اور ہمیں بتائیں کہ بانی پی ٹی آئی کیا کریں اور آپ کو کیا چاہیے جو آپ انہیں رہا کردیں گے ۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا چیف جسٹس نے کہا تھا غلطی سے عملے نے کیس لسٹ میں نہیں ڈالا، چیف جسٹس نے کیس مقررکرنے کا خود وعدہ کیا، وہ وعدہ کررہے ہیں، آپ یہاں سے چلے جائیں،کیس وقت پرسنا جائے گا، شکر ہے کیس لگ گیا ہے ، پارلیمنٹرینز نے ساتھ دیا ہے ، ہمیں دھمکیاں آتی ہیں آپ کی گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہوجائے گا، آپ ایم این ایز اور پارلیمنٹرینز کو نہ دھمکائیں، یہ چیزیں نہ کریں، ہم آپ سے نہیں ڈر رہے ، آپ بھی نہ ڈریں۔علیمہ خان نے کسی کا نام لیے بغیر کہا آپ ہم سے آکر بات کریں، آپ کو بات کرنی ہے تو ہم عورتیں آپ کے سامنے بیٹھ جاتی ہیں مگر سامنے آکر بات کریں، 2 سال سے ہمیں یہ نہیں پتا چل رہا کہ آپ مانگ کیا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیچھے سے نہیں، سامنے آکر بات کریں، ہم بیٹھیں گے ، ہم تیار ہیں، اگر کچھ دو اور کچھ لو کرناچاہتے ہیں توبتادیں، ہمیں بتائیں کہ بانی پی ٹی آئی کیا دیں اور آپ کو کیا چاہیے ۔

علیمہ خان نے کہا بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ساری زندگی جیل میں رکھ لیں جھکوں گا نہیں، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی نے آپ کا کیا بگاڑا ہے ۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی پر کوئی کیس نہیں ، بے گناہ جیل میں ڈالا گیا ،پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کر کے یہاں بیٹھے ہیں انہیں شرم آنی چاہیے ۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی بہت جمہوری حکومت بنتی ہے ،آئی ایم ایف نے خیبرپختونخوا کی تعریف کی ہے ،ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے ریڈ زون میں داخل ہونے کی کوشش کی، ریڈ زون کے اپنے ایس او پیز ہوتے ہیں جس کے تحت شیلنگ کی گئی۔انہوں نے کہا عدلیہ سے درخواست ہے کہ انصاف اور جلد فیصلے کریں۔علی امین نے یہ بھی کہا کہ ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف تھے اور رہیں گے ۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہا انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہئے اوربغیر کسی فیور کے ملنا چاہئے ،لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہاآج ہائیکورٹ میں ہمارے نمائندے وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے آئے ہیں، میں اس معزز عدلیہ سے کہوں گی کہ انصاف کا ترازو توڑ دیں، سو چیں ضرور کہ تاریخ آپ کو کن الفاظ میں یاد کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں