آٹے کی قیمتوں کے مطابق روٹی سستی کی جائے گی:مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے آٹے کے نرخ کے مطابق روٹی سستی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ مہنگا چکن بھی مجھے برداشت نہیں ۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت گزشتہ روز خصوصی اجلاس میں روٹی کی قیمت مزید کم کرنے اور دیگر خورونوش اشیائے کی قیمتوں کاجائزہ لیا گیا۔
انہوں نے آٹے کے نئے نرخ کے مطابق روٹی کی قیمت مقرر کرنے کا حکم دیا اور پنجاب بھر میں آٹا سستا ہونے پر روٹی کے نرخ میں کمی لانے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو روٹی کا ریٹ کم کرنے کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔انہوں نے چکن، سبزیوں اور دالوں کے نرخ کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ غریب کا بچہ ہفتے میں ایک دن سستا چکن کھا لیتا تھا، چکن مہنگا ہوا تو غریب ہفتے میں ایک دن بھی نہیں کھا سکے گا،مجھے یہ ہرگز برداشت نہیں۔ روٹی کے نرخ تاریخ کی کم ترین سطح پر لائیں گے ، آٹے کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست غریب عوام کوپہنچناچا ہئے ، آٹے کے نرخ میں کمی کے تناسب سے روٹی کا نیا ریٹ مقرر کیا جائے گا۔
دریں اثنا مریم نواز نے پاکستان کے پہلے سٹیٹ آف آرٹ نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشنمیں پری سکول بیل بجا کر انرولمنٹ مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا،سنٹر میں تمام نجی اداروں سے بہترین انتظامات، کلرفل کلاس روم، شاندار ماحول اور جدید طریقہ تعلیم متعارف کرایا گیا ہے ۔ انرولمنٹ مہم میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کمسن بیٹا محمد یوسف سنٹرفار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن میں سب سے پہلے داخلہ لینے والوں میں شامل ہے ۔ مریم نوازشریف نے نوازشریف سنٹر آف ایکسی لینس فار ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کی آفیشل یونیفارم کی رونمائی بھی کی اورسنٹر کادورہ کرکے کمسن بچوں اور ان کے والدین سے بات چیت کی۔