خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آپریشن،12دہشتگرد ہلاک،4جوان شہید
راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستا ن میں 4مختلف کارروائیوں کے دوران 12بھارتی سپانسرڈدہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فتنہ الخوارج سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ سمیت 4جوان شہید ہوگئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28اور29مئی کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں ضلع شوال کے علاقے میں فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنا دیا گیا،سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے دوران 6بھارتی سپانسرڈدہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ4جوانوں لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل،نائب صوبیدار کاشف رضا، لانس نائیک فیاقت علی اور سپاہی حمید نے دشمنوں سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔23سالہ لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل شہید کا تعلق ضلع مردان سے ہے ،انکے والد ائیر فورس میں سول ڈرائیور ہیں، سوگواران میں والد اور بھائی شامل ہیں۔ 41سالہ نائب صوبیدار کاشف رضا شہید کا تعلق ضلع چکوال سے ہے ،انہوں نے 21 سال تک دفاع وطن کا مقد س فریضہ انجام دیا،انکے سوگواران میں اہلیہ ، 1 بیٹی اور 2 بیٹے شامل ہیں۔ 35 سالہ لانس نائیک فیاقت شہید کا تعلق ضلع ہری پور سے ہے اور15 سال سے پاک فوج میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
سوگواران میں اہلیہ1 بیٹی اور 3 بیٹے شامل ہیں۔ 26 سالہ سپاہی حمید شہید کا تعلق ضلع ایبٹ آباد سے ہے ، انہوں نے 6 سال دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا، سوگواران میں والدہ شامل ہیں۔ چترال میں کارروائی کے دوران ایک بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد مارا گیا۔ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر ضلع لورالائی میں آپریشن کیا جہاں بھارتی دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی ، فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا اور4 بھارتی ایجنٹ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ،جنکے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ہلاک ہونیوالے دہشت گرد 26 اگست 2024 اور 18 فروری 2025 کو قومی شاہراہ این 70کے قریب راراشم میں شہریوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے جن میں 30 بے گناہ افراد شہید ہوئے تھے ۔ دوسری کارروائی ضلع کیچ میں کی گئی جہاں ایک اور دہشت گرد کو ہلاک کر دیا گیا۔