ماحولیات کا تحفظ سب کا فرض،نوجوان ماحول دوست فورس بنیں:مریم نواز
لاہور (دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہریوں سے ماحولیات کے عالمی دن پرپلاسٹک اور آلودگی سے پاک پنجابمہم کے آغاز پر بھرپور تعاون کی اپیل کی ہے جبکہ صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں، دفاتر اور محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام زیرو پلاسٹک، زیرو آلودگی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جس کا مقصد عوام کو بتانا اور سمجھانا ہے کہ پلاسٹک ان کی زندگیوں کے لئے کتنا خطرناک اور جان لیوا ہے ۔ طلباء کو پلاسٹک کے متبادل کپڑے کے تھیلے اور کاغذ کی اشیاء استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ مریم نواز نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نوجوان ماحول دوست فورس بنیں، ماحولیات کا تحفظ زندگی کا تحفظ ہے ، یہ ہم سب کا فرض ہے ۔ زیرو پلاسٹک مہم صرف ایک دن کی تقریب نہیں، بلکہ ہمیں اسے اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ پنجاب کی پہلی کلائمیٹ پالیسی کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب ویژن اینڈ ایکشن پلان کانفاذ کر دیا گیا ہے ۔ انوائرمنٹ فرینڈلی سٹارٹ اپس اور بزنس کے لئے 15 ارب روپے کا خصوصی انوائرمنٹل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک سال میں پنجاب کا ماحولیاتی عہد تبدیل ہوچکا ہے ،پنجاب نے ایک سال میں ماحولیاتی بہتری کے لئے وہ اقدامات کئے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، پنجاب میں پہلی مرتبہ پلاسٹک بنانے اور بیچنے والوں کی آن لائن رجسٹریشن شروع کی گئی۔ صوبہ بھر میں ماحولیاتی صورتحال کی مانیٹرنگ کے لئے 50 ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشن نصب کئے جا چکے ہیں۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے کے لئے جی آئی ایس سکواڈ قائم کیا گیا ہے ۔ دھول مٹی سے بچاؤ کے لئے زیر تعمیر عمارتوں پر سپرنکلر سسٹم کی تنصیب یقینی بنائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے سلسلے میں عوامی فیڈ بیک کے لئے پہلی مخصوص ہیلپ لائن 1317 قائم کی گئی جبکہ عوام کی سہولت کے لئے گرین پنجاب ایپ بھی قائم کی گئی ہے ۔