معاشرے میں تقسیم، انتشار اور تشدد کی بڑی وجہ نفرت انگیز تقاریر : مریم نواز
لاہور(نیوزایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ معاشرے میں تقسیم، انتشار اور تشدد کی بڑی وجہ نفرت انگیز تقاریر ہیں، جو ایسے منفی عناصر کو جنم دیتی ہیں۔نفرت انگیز تقاریر کے انسداد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نفرت، تعصب اور تنگ نظری کو ہر محاذ پر شکست دینی ہے۔
نفرت انگیز تقاریرکا زہر معاشروں میں تقسیم، انتشار اور تشدد کو جنم دیتا ہے۔ نفرت انگیز تقاریر کسی ایک فرد پر حملہ نہیں ہوتیں، یہ انسانیت کے ضمیر پر وار ہوتی ہیں۔ اسلاموفوبیا نفرت انگیز رویوں کی سب سے خطرناک شکل ہے ۔ نفرت کی روش امنِ عالم کیلئے ایک مستقل خطرہ ہے ۔ عالمی برادری آزادیِ اظہار کے نام پر نفرت پھیلانے والوں کا محاسبہ کرے ۔ کسی کو بھی نفرت کے بیج بونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وطن عزیز میں محبت، برداشت اور احترام کو فروغ دینگے ،ادھر وزیراعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی سپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی سے منظور شدہ پنجاب کا پہلا ادارہ بن گیا،ایس ٹی زیڈ اے نے این ایس آئی ٹی سیلی کون بلاک کی باقاعدہ منظوری دے دی۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ نوازشریف آئی ٹی سٹی میں دنیا کے بڑے اور نامور انٹرنیشنل آئی ٹی گروپس نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کے سیلی کون بلاک میں 23 بڑی آئی ٹی کمپنیاں ادارے قائم کرنے کو تیار ہیں، لندن کا نامور ایمپیریل کالج نووے کیئر کے اشتراک سے میڈیکل کالج اور ہسپتال بنائے گا۔ نیٹ سول نواز شریف آئی ٹی سٹی میں پاکستان کی پہلی جامع آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرے گا۔ روٹس گروپ برطانوی وارک یونیورسٹی کے ساتھ جوائنٹ وینچرکرے گا۔ اسی طرح معروف کمپنیاں ڈیٹا فورٹ اور ماری ٹیک بھی مشترکہ طور پر ٹئیر تھری اور ٹیئر فور ڈیٹا سنٹر بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نوازشریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لئے مزید موثر، تیز تر اور ضروری اقدامات کی ضرورت پر زوردیا۔