وزیر اعلیٰ کا ویسٹ ٹوویلیو پراجیکٹ : جانوروں کی آلائشوں سے بائیو گیس بنانے کا کامیاب تجربہ

وزیر اعلیٰ کا ویسٹ ٹوویلیو پراجیکٹ : جانوروں کی آلائشوں سے بائیو گیس بنانے کا کامیاب تجربہ

لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام سے ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ شروع کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ پنجاب میں پہلی مرتبہ جانوروں کی آلائشو ں سے بائیوگیس بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا لکھو ڈیر کے علاقے میں بائیوڈی گریڈ ایبل آلائشوں کو استعمال کر کے بائیوگیس پیدا کی گئی۔ ایک ہزار میٹرک ٹن آلائشوں سے تقریبا ً 20 سے 25 ہزار کلو گیس پیدا کی جاسکتی ہے ۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں سے بائیو گیس پروڈکشن سے 60 سے 70 لاکھ روپے کا ریونیواکٹھا کیا جا سکتا ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا محض چند لاکھ روپے کی لاگت سے لاہورمیں آلائشوں کے ذریعے بائیو گیس پیدا کرنے کاپائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے ۔ 50 میگاواٹ ویسٹ انرجی پلانٹ سے روزانہ تین ہزار ٹن کچرا بجلی میں تبدیل ہوسکے گا۔ 10سال میں لینڈ فل سائٹ سے حاصل ہونے والی گیس سے 2.5 ملین ڈالر آمد ن ہوگی۔ اجلاس میں پنجاب میں ری سائیکلنگ پارک کے ماڈل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ماڈل ری سائیکلنگ پارک سے سالانہ 190 ملین روپے آمدنی حاصل کی جا سکے گی۔

لکھو ڈیرڈسپوزل سائٹ کی بحالی سے سالانہ 2.75 لاکھ ٹن کاربن کریڈٹ اور4.2 ملین ڈالرآمدنی کی توقع ہے ۔ میونسپل سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ کے ذریعے لینڈ فلز سے کچرے میں 60 فیصد کمی ہوگی۔ ویسٹ ٹو ویلیو انکیوبیشن سینٹر سٹارٹ اپ کے لئے ٹیکنیکل سپورٹ، سیڈفنڈنگ، ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے مواقع فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی(ایل ڈبلیو ایم سی)کی طرف سے آلائشوں سے بائیوگیس پروڈکشن پراجیکٹ کو سراہا۔دریں اثناوزیراعلیٰ مریم نوازنے کہا ہے ہیپاٹائٹس ٹیسٹ کی مفت سہولیات فیلڈ ہسپتالوں اور کلینک آن وئیل پر بھی دستیاب ہیں۔ مریضوں کو مفت ادویات گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے پراپنے پیغام میں کہا ہیپاٹائٹس خاموش قاتل ہے ،ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔مریم نواز نے کہا عوام ہیپاٹائٹس کا ٹیسٹ ضرور کروائیں، ویکسین لگوائیں،پیغام دوسروں تک پہنچائیں۔ احتیاط اور علاج سے ہیپاٹائٹس سے مکمل بچاؤ ممکن ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں