میڈ اِن پاکستان ٹریکٹرز افریقی ممالک برآمد کئے جائیں گے

میڈ اِن پاکستان ٹریکٹرز افریقی ممالک برآمد کئے جائیں گے

دو عالمی کمپنیوں کیساتھ معاہدے طے ،روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے ،ماہرین

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستانی آٹو انڈسٹری نے عالمی سطح پر ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا جہاں میڈ اِن پاکستان ٹریکٹرز کو افریقی ممالک میں براہ راست برآمد کرنے کیلئے ایک تاریخی عالمی معاہدہ طے پا گیا ۔اس حوالے سے متعلقہ پاکستانی آٹو کمپنی نے معاہدے کی تفصیلات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ طور پر ارسال کر دی ہیں۔ کمپنی کے خط کے مطابق اس معاہدے کے تحت پاکستان میں تیار کیے گئے ٹریکٹرز اب افریقی خطے کے مختلف ممالک کو براہ راست برآمد کیے جائیں گے۔ آٹو کمپنی نے اپنے اعلامیے میں بتایا کہ اس مقصد کیلئے دو عالمی کمپنیوں کے ساتھ معاہدے طے پا چکے ہیں جن میں معروف عالمی ادارے میسے فرگیوسن کارپوریشن اور ایگو لمیٹڈ شامل ہیں۔ ان معاہدوں کے نتیجے میں پاکستانی کمپنی کے تیار کردہ ٹریکٹرز کو افریقی منڈی میں باقاعدہ طور پر برآمد کرنے کے لیے الاٹ کر دیا گیا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ افریقہ جیسے زرعی خطے میں پاکستانی ساختہ ٹریکٹرز کی مانگ میں اضافے سے مقامی صنعت کو فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں