سٹاک مارکیٹ مزید اوپر، معیشت ترقی کی جانب گامزن، وزیر اعظم

 سٹاک مارکیٹ مزید اوپر، معیشت ترقی کی جانب گامزن، وزیر اعظم

اسلام آباد،کراچی (نامہ نگار،اے پی پی،دنیا نیوز)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تاریخی بلندی کے ریکارڈ قائم ہونے کا سلسلہ جاری ہے، ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 45 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 45 ہزار 187 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔تاہم کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 2051 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ ایک لاکھ 45 ہزار 88 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔واضح رہے گزشتہ روز کے اختتام پر انڈیکس 984 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ 1 لاکھ 43 ہزار 37 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔سٹاک مارکیٹ میں43 ارب 26 کروڑ 61 لاکھ 30 ہزار 525 روپے مالیت کے 38 کروڑ 35 لاکھ 14 ہزار 758 شیئرز کا لین دین ہوا۔اگست کے 4 کاروباری دنوں میں 100 انڈیکس 5697 پوائنٹس بڑھ چکا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا سٹاک ایکسچینج کاروبار میں تیزی سرمایہ کاروں کی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے ۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کاروبار اور سرمایہ کاری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، ایف بی آر میں اصلاحات سے ٹیکس نظام میں بہتری اور کاروباری برادری کو سہولت ملی۔ وزیراعظم نے کہا الحمدﷲ پاکستان کی معاشی سمت بہتر اور معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے ۔جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا جناح میڈیکل کمپلیکس آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں کے مریضوں کیلئے شفا کا عالمی معیار کا ہسپتال ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کے عالمی معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے ۔ کمپلیکس کے مختلف بلاکس کے نام صوبوں کے نام پر رکھے جائیں۔ کمپلیکس کی تعمیر، سٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت و میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں