قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے جاپان کے تجربات سے استفادہ کرینگے : مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ زلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات کے سدباب کیلئے جاپان کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ جاپان معاشی، ٹیکنالوجی اور معاشرتی ترقی کا گہوارہ بن چکا ہے، مادی ترقی کے ساتھ انسانی قدروں کا احترام قابل تقلید ہے ، جاپان کی ترقی کے ماڈل کو پنجاب میں لاگو کرنا چاہتی ہوں۔
وزیراعلیٰ نے جاپان کے خارجہ امور کے سینئرسٹیٹ منسٹر مایا جی ٹاکوما سے ملاقات میں کہا کہ جاپان دنیا میں ترقی اور ٹیکنالوجی کی مثال ہے ، جاپان کی معاشرتی روایات اور اخلاقی قدریں متاثر کن ہیں۔ ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مایاجی ٹاکوما نے کہا کہ پنجاب میں 120 سے زائد منصوبوں کا آغاز قابل تحسین ہے ، پاکستان کو دوست ملک کی حیثیت سے ہمیشہ اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے جانی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ بعدازاں مریم نواز نے ٹوکیو میں نیشنل پولیس ایجنسی ہیڈ آفس کا دورہ کیا اورکہا کہ پنجاب پولیس کو جاپان پولیس کی طرز پر انفراریڈ اور الٹرا سانک ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا ، پہلے مرحلے میں لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔انہوں نے نیشنل پولیس ایجنسی سسٹم کو سراہااورکہا کہ جاپان میں امن وامان کی صورتحال قابل تقلید ہے ،امن اور ترقی میرا مشن ہے ۔پنجاب پولیس کی معاونت اور جرائم کے خاتمے کے لئے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا نیا ادارہ قائم کیا ہے ،جس سے پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی اورپہلی مرتبہ جرائم کا گراف 70 فیصد سے بھی نیچے آچکا ہے ۔
مریم نواز نے ٹوکیو کے جدیدترین ٹیکنالوجی کے شاہکار ٹریفک کنٹرول مرکز کا دورہ بھی کیا،انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جاپان کے تجربات اور ٹیکنالوجی کو پنجاب میں ٹریفک اور شہری نظام کی بہتری کے لئے بروئے کار لائیں گے ، لاہور کو جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پہلا \" سمارٹ سٹی \"بنایا جائے گا ۔قبل ازیں مریم نواز نے جاپانی پارلیمنٹرین فرینڈشپ لیگ کے چیئرمین سیشیرو ایٹو سے ملاقات کی ،جس میں پاک جاپان پارلیمانی رابطے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔سیشیرو ایٹو نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری لانے اور جاپان کے ساتھ مل کر مشترکہ منصوبوں کے آغاز میں اپنا کردار ادا کروں گا۔ مریم نواز کا کہناتھاکہ جاپان اور پنجاب کے دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہم کنار کریں گے ،پنجاب کے تعلیمی اداروں اور جاپانی یونیورسٹیوں کے درمیان تحقیقی شراکت داری قائم کریں گے ۔ دریں اثنا مریم نواز نے ٹوکیو میں میٹروپولیٹن ایکسپریس وے نیہو باشی سیکشن کا دورہ کیا۔ نیہوباشی ٹوکیو کا مشہور واٹر فرنٹ ٹوکیو سٹیشن اور دیگر ڈسٹرکٹ کو باہم منسلک کرتا ہے ۔