عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت پھر ملتوی : پراسیکیوشن نے مطمئن کیا تو مدعی کو سنیں گے : چیف جسٹس
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نو مئی مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی طبیعت ناسازی کے باعث پھر ملتوی کردی گئی۔
چیف جسٹس یحیی آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی نو مئی مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ معاون وکیل نے عدالت میں پیش ہوکربتایا کہ مرکزی پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی کی طبیعت ناساز ہے اور وہ ہسپتال میں داخل ہیں، استدعا ہے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کی جائے۔ سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ عدالت میری حد تک دلائل کی اجازت دے جس پر چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دئیے کہ پہلے پراسیکیوشن کو سنیں گے اور پوچھیں گے کہ لاہور ہائیکورٹ کا ضمانت کی درخواستیں خارج کرنے کا فیصلہ کیوں برقرار رکھا جائے ۔ اگر پراسیکیوشن نے مطمئن کیا تو پھر مدعی کو سنیں گے ۔ چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دئیے کہ ہم یہاں لمبے التوا نہیں دیں گے ۔ دوران سماعت سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ کو عدالت میں بولنے کی اجازت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کچھ کہنا چاہتی ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عدالت میں وکیل بات کریں، کسی فیملی ممبر کو عدالت میں بولنے کی اجازت نہیں ۔ بعد ازاں سماعت آج ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دی گئی۔