خیبر پختونخوا:سکیورٹی فورسز کے2انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،13فتنہ الخوارج ہلاک

خیبر پختونخوا:سکیورٹی فورسز کے2انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن،13فتنہ الخوارج ہلاک

ضلع مہمند میں آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا،7دہشتگردمارے گئے ضلع بنوں کے آپریشن میں فائرنگ کا شدیدتبادلہ ،بھارتی پراکسی کے 6دہشت گرد ہلاک ،سینی ٹائزیشن آپریشن جاری

 اسلام آباد ،راولپنڈی(نامہ نگار ،دنیانیوز) سکیورٹی فورسز نے 12اور13دسمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند اور بنوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 13دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر ضلع مہمند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اور آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع بنوں میں کیا گیا جہاں سکیورٹی فورسز نے مزید 6خوارج کو ہلاک کر دیا۔ علاقے میں کلیئرنس اور سینی ٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی میں موجود خوارج کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔آئی ایس پی آر نے کہاکہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری بھرپور مہم عزم استحکام کے وژن کے تحت پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع مہمند اور ضلع بنوں میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی اورعزم استحکام کی سوچ کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جرات اور پروفیشنل ازم پر فخر ہے جوبہادری کے ساتھ خوارجیوں کا قلع قمع کر رہی ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں