عدلیہ کیخلاف ہرزہ سرائی بند نہ ہو ئی تو ہڑتال کرینگے :پنجاب بار

عدلیہ کیخلاف ہرزہ سرائی بند نہ ہو ئی تو ہڑتال کرینگے :پنجاب بار

چیف جسٹس نے پراپرٹی اونر شپ آرڈیننس بارے آئین و قانون کے مطابق فیصلہ دیا وزیراعلیٰ اپنے وزرا ء اور مشیروں کو مہم بند کرنے کا حکم دیں:اشفاق کہوٹ، ذبیح اللہ

لاہور(آن لائن)پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد اشفاق کہوٹ اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ذبیح اللہ ناگرہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے ذمہ داران کی جانب سے عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی بند نہ ہو ئی تو احتجاجاًہڑتال کا فیصلہ کرسکتے ہیں ،ہونا تو یہ چاہیے تھا وزیراعلیٰ پنجاب اپنا غیر ذمہ دارانہ بیان واپس لیتیں، الٹا وزراء ، مشیر اور دیگر نمائندے بھی اسی طرز پر بیانات جاری کر رہے ہیں جو تشویشناک ہیں ۔ اپنے مشترکہ بیان میں پنجاب بار کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے وزرا ء اور مشیروں کو عدلیہ مخالف مہم بند کرنے کا حکم دیں وگرنہ پنجاب بھر کی بارز کا وکلا ء کنونشن بلا کر احتجاج کی کال دے سکتے ہیں،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس سے متعلق آئین وقانون کی روشنی میں فیصلہ دیا ،پنجاب حکومت کے پیرا ایکٹ،سی ٹی ڈی اورپراپرٹی اونرشپ آرڈیننس سمیت متعدد قوانین بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں،پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے آرڈریننس کے ذریعے قانون سازی کرنا غیر آئینی ،غیر قانونی اورجمہوری اصولوں کے سراسر منافی ہے ۔ وکلاء رہنماؤں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ،وزرا ء اور مشیروں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے وکلا ء برادری میں شدید تشویش اور بے چینی پائی جارہی ہے ، جن کی وجہ سے قبضے ہوتے ہیں انہی افراد کو کمیٹی کا ممبر بنا کر جج کے مساوی اختیارات دیدئیے گئے جس سے حکومت کے غلط ارادے ظاہر ہوتے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں