ڈاکٹر شمشاد اختر کی نماز جنازہ ادا،اہم شخصیات کی شرکت

ڈاکٹر شمشاد اختر کی نماز جنازہ  ادا،اہم شخصیات کی شرکت

کراچی (آن لائن ) سابق گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور ممتاز ماہر معیشت ڈاکٹر شمشاد اختر کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

 جس میں سرکاری، مالیاتی اور کاروباری شعبے کی نمایاں شخصیات، ڈی جی رینجرز، ڈائریکٹر پاکستان سٹاک ایکسچینج، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین، بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام شریک  ہوئے ۔ مرحومہ کو میوہ شاہ قبرستان میں والد کے  پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم، عارف حبیب، پاکستان سٹاک ایکسچینج کے منیجنگ ڈائریکٹر فرخ حسین سبزواری سمیت متعدد کاروباری و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر تھیں اور ان کا دور قیادت دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور عوامی خدمت کے جذبے کی روشن مثال کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ سٹیٹ بینک کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے مرکزی بینک کے استحکام، پائیداری اور زری و مالیاتی پالیسیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی قیادت نے قومی معیشت کو درپیش چیلنجز کے مقابلے میں ادارہ جاتی مضبوطی فراہم کی۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے ایشیائی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک اور اقوامِ متحدہ جیسے عالمی اداروں میں بھی اعلیٰ ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے نگراں وفاقی وزیر خزانہ اور چیئرپرسن پاکستان سٹاک ایکسچینج کے طور پر بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ ایک ممتاز ماہر معیشت کے طور پر ان کا شاندار عالمی کیرئر بین الاقوامی مالیاتی اور کثیرالجہتی اداروں میں پاکستان کے وقار میں اضافے کا باعث بنا۔ مرحومہ کی وفات سے ملک ایک باصلاحیت، باوقار اور وژنری معاشی رہنما سے محروم ہو گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں