بلوچستان میں آپریشن سے مسائل ختم ہو نگے نہ امن قائم :حافظ نعیم
ایران سے سرحدی تجارت پر پابندی ختم ، لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائے حقوق نہ ملیں تو عوام کا غم وغصہ فطری ہے :امیر جماعت اسلامی، خطاب
لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار کی فراہمی میں ہی صوبے کے مسائل کا حل ہے ، ایران سے سرحدی تجارت پر پابندی ختم ، لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائے ، آپریشن سے صوبہ کے مسائل ختم ہو نگے نہ ہی امن قائم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں الخدمت فا¶نڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام “بنو قابل ”تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ہزاروں بچوں اور بچیوں نے بنو قابل پروگرام کے تحت مفت آئی ٹی کورسز میں داخلے کیلئے امتحان دیا۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے بھی خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ صوبہ کے نوجوان بچوں اور بچیوں کو زی کنیکٹ پروگرام کے تحت نہ صرف مفت آئی ٹی کورسز کرائے جائیں گے بلکہ نوجوانوں کی اخلاقی تربیت اور کھیلوں کا فروغ بھی اس کا حصہ ہے ،بلوچستان میں سکول جانے کے قابل پچاس فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں ، بلوچ عوام کو حقوق نہیں ملیں گے تو عوام کا ریاست کے خلاف غم وغصہ فطری ہے ، مسائل بندوق سے حل نہیں ہوتے ، عوام کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سرحدی تجارت پر پابندی سے گوادر کے عوام کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے ، گلے سڑے نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا ،ہم پورے ملک کے نوجوانوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، بلوچستان کے مسائل حل ہوں گے تو ملک آگے بڑھے گا وہ قانون کی پاسداری کریں ، صوبہ میں سرحدی تجارت کو آئینی تحفظ دیا جائے ۔