ادارہ جاتی اصلاحات پروگرام کیلئے ماہر کی تقرری کا فیصلہ
ایم پی ون سکیل میں تین سالہ کیلئے تقررکیاجائیگا، وزیرِاعظم منظوری دیں گے
اسلام آباد (ایس ایم زمان)وفاقی حکومت نے حکومتی اداروں کے اصلاحاتی پروگرام کے لیے ایک ماہر (Institutional Reforms Expert) کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تقرری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت ایم پی ون (MP-I)پے سکیل میں کی جائے گی۔سرکاری ذرائع کے مطابق تقرری ابتدائی طور پر تین سال کے لیے ہوگی جس میں سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر مزید دو سال تک توسیع دی جا سکے گی۔ تقرری کی منظوری سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر وزیرِاعظم پاکستان دیں گے جبکہ معاہدے میں توسیع کارکردگی جانچ کمیٹی کی سفارش سے مشروط ہوگی۔
ماہر وفاقی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کرے گا جس میں ادارہ جاتی ڈھانچے میں بہتری، گورننس اصلاحات، کاروباری سہولت کاری، سروس سٹرکچر کی اصلاح اور دفتری نظام کو مؤثر بنانا شامل ہے ۔ وہ وزارتوں، ڈویژنز، کمیٹیوں، ٹاسک فورسز اور کمیشنز کے ساتھ رابطہ رکھتے ہوئے جامع اصلاحاتی تجاویز اور سفارشات مرتب کرے گا۔متعلقہ ماہر حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے ، غیر ضروری دفتری پیچیدگیوں کے خاتمے اور پالیسی سازی میں معاونت فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ نجی شعبے کی شمولیت، تنظیمی ری سٹرکچرنگ اور انسانی وسائل کی بہتری سے متعلق سفارشات بھی پیش کرے گا۔اہلیت کے لیے بزنس ایڈمنسٹریشن، پبلک ایڈمنسٹریشن، اکنامکس، ایچ آر مینجمنٹ یا پبلک پالیسی میں پی ایچ ڈی اور کم از کم نو سالہ پیشہ ورانہ تجربہ لازمی ہوگا۔