کاروبار 8بجے بند کرنے کی مخالفت، ہفتے میں دو چھٹیوں کی تجویز
پٹرولیم لیوی ختم اور ریونیو فیکٹر معطل کیا جائے ،چیف آرگنائزر بزنس فورم
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان بزنس فورم کی جانب سے کاروبار رات 8 بجے بند کرنے کے حکومتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اوقات کم کرنے کے بجائے جمعہ اور پیر کو ہفتہ وار چھٹی کی تجویز دی ہے ۔ پاکستان بزنس فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری احمد جواد نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے سبسڈی کا کہا مگر چند گھنٹے بعد ہی عوام پر معاشی حملہ کر دیا،ایک ماہ میں پٹرول 63 اور ڈیزل 75 فیصد مہنگا کرنا کیسا نظم وضبط ہے، وفاق اور صوبائی حکومتیں چاہتیں تو تیل کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکا جا سکتا تھا،ترقیاتی فنڈز کو پٹرولیم سبسڈی میں ضم کیا جا سکتا تھا اور صوبائی حکومتیں با آسانی 300 ارب کا پیکیج وفاق کے سپرد کر سکتی تھیں۔ پاکستانیوں کی فی کس آمدنی پٹرول کی موجودہ قیمتیں برداشت کرنے کے قابل نہیں۔ پٹرولیم قیمتوں میں ریکارڈ اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئیگا، اشیا کی بڑھی ہوئی قیمتیں واپس نہیں آئیں گی موٹر سائیکل پر سبسڈی کا منصوبہ قابل عمل نہیں جسکا عملدرآمد مشکل ہوگا۔ احمد جواد نے کہا کہ ان حالات میں حکومت ریونیو فیکٹرمعطل کرے اور عوام کے ساتھ کھڑی ہو۔ پٹرولیم لیوی کو فوری ختم کر کے صفر کیا جائے۔