پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ حکومتی پالیسی فیصلوں کا نتیجہ قرار
صنعتیں چلانا دشوار ،برآمدات اور عوام شدیدمتاثر ہونگے ،عبدالرحمان فدا
کراچی (بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبدالرحمان فدا نے پٹرولیم قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کو معیشت کیلئے 360 درجے کے اثرات کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے نہ صرف پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوگا بلکہ صنعتیں چلانا انتہائی دشوار ہوجائے گا جس کے نتیجے میں صنعت، برآمدات اور عوام سب بری طرح متاثر ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ اضافہ عالمی مارکیٹ کی قیمتوں کے باعث نہیں بلکہ حکومتی پالیسی فیصلوں کا نتیجہ ہے ۔ حکومت نے پی ڈی سی سبسڈی 95.59 روپے فی لیٹر ختم کر دی اور پٹرولیم لیوی میں 55.24 روپے فی لیٹر اضافہ کیا جس سے عوام پر 150.83 روپے فی لٹر کا بوجھ ڈال دیا گیا، یہ اضافہ صرف لیوی، ٹیکسز اور جنگی حالات کے اثرات کی وجہ سے ہے ۔انہوںنے اس بات کی نشاندہی کی کہ اصل میں ایکس ریفائنری قیمت کم ہوئی ہے ۔صدر سائٹ نے خبردار کیا کہ یہ اضافہ صنعتوں کو بری طرح نقصان پہنچائے گا ۔