ایران سے اظہار یکجہتی ،جماعت اسلام کے امریکا واسرائیل کیخلاف ملک گیر مظاہرے
لاہورمیں مظاہرین کے نعرے ،امریکا اور اسرائیل دو بڑی دہشت گردریاستیں ہیں :ضیاء الدین انصاری اندرون سندھ ،کراچی میں اہم عوامی مقامات اور مساجد کے باہر احتجاج،ٹرمپ ، نیتن یاہو کے پتلے نذرآتش
لاہور ،کراچی (سیاسی نمائندہ،سٹاف رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی نے لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ ،کراچی،کشمور، سوات سمیت ملک بھر میں پرامن احتجاجی مظاہرے کئے ، مظاہروں میں جماعت اسلامی کے ارکان، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ہاتھوں میں مختلف بینرز، پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر امریکا اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے ۔ شرکاء نے ایران کے حق میں اور امریکا و اسرائیل کے خلاف زبردست نعرے بھی لگائے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں نماز جمعہ کے بعد اہم مقامات پر مظاہرین نے ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے کئے ، منصورہ مظاہرے میں نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی، نائب امیرجماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، امیرجماعت اسلامی غربی لاہور علی ارتضیٰ حسنی، عبدالعزیز عابد، طلحہ عزیز، ڈاکٹر آصف و دیگر بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے خطاب میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل دنیا میں دو بڑی دہشت گرد ریاستیں ہیں ،امت مسلمہ کو نازک صورتحال میں متحد ہو کر ظلم و جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی ۔ایک مظاہرے سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں، حکومت پاکستان اس معاملے پر واضح اور جرات مندانہ پالیسی اختیار کرے ۔راولپنڈی، اٹک ،وہاڑی اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرین نے ایران سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ادھر کراچی بھر میں 100 سے زائد اہم عوامی مقامات اور مساجد کے باہر مظاہرے کئے گئے ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے نارتھ کراچی ،صوبائی امیرکاشف سعید شیخ نے لاڑکانہ میں مظاہرے سے خطاب میں کہاکہ باطل نیست ونابود اور حق غالب ہوکر رہے گا، دنیا سے جنگیں ختم کرنے کے دعویدار جھوٹے اور انسانیت کے دشمن امریکی صدر ٹرمپ نے ایران پر حملہ کرکے پوری دنیا کا امن خطرے میں ڈال دیا ، ایسے شخص کو نوبل انعام کیلئے نامزد کرنے والے بھی اس کے جرائم میں برابر شریک ہیں جنہیں تاریخ اور انسانیت معاف نہیں کرسکتی۔دریں اثناء کندھکوٹ میں گھنٹہ گھر سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ،بدین میں پریس کلب /ایوان صحافت پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ عمرکوٹ اور اندرون سندھ کے دیگر شہروں میں اجتماعات جمعہ کے بعد اہل تشیع تنظیموں، جماعت اسلامی ودیگر نے ریلیاں نکالیں اور دھرنے دئیے ، نیتن یاہو اور ٹرمپ کے پتلے بھی جلائے گئے ۔ پختونخوا کے ضلع سوات میں جماعت اسلامی کے دفتر مینگورہ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ، مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر حمید الحق نے کی ۔
ایبٹ آباد میں ضلعی امیرجماعت اسلامی امجد خان کی زیر قیادت ریلی میں مقررین نے کہا کہ ہم ایرانی قوم کے ساتھ ہیں ۔ ۔علاوہ ازیں فیصل آباد میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاویدقصوری اور امیر ضلع محبوب الزمان بٹ نے ،بنوں میں امیر کے پی جنوبی پروفیسر ابراہیم خاں نے ، مالاکنڈ بٹ خیلہ بازار میں نائب امیر کے پی شمالی سید بختیار نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے راولپنڈی ،اوکاڑہ میں امیر ضلع رضوان احمد اور امیر شہر انجینئر سلمان اظہر نے ، امیر ضلع فاحد یعقوب نے شکرگڑھ اور امیر ضلع میاں اویس قاسم نے سرگودھا میں مظاہروں کے شرکا سے خطاب کیا۔ شیخوپورہ میں نائب امیر ضلع میاں اسد اللہ نے مظاہرہ کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی کوئٹہ عبدالنعیم رند نے کوئٹہ میں مظاہرہ کی قیادت کی۔ علاوہ ازیں فیصل آباد میں امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی، جاویدقصوری اور امیر ضلع محبوب الزمان بٹ نے ،بنوں میں امیر کے پی کے جنوبی پروفیسر ابراہیم خاں نے ، مالاکنڈ بٹ خیلہ بازار میں نائب امیر کے پی کے شمالی سید بختیار نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم نے راولپنڈی ،اوکاڑہ میں امیر ضلع رضوان احمد اور امیر شہر انجینئر سلمان اظہر نے ، امیر ضلع فاحد یعقوب نے شکرگڑھ اور امیر ضلع میاں اویس قاسم نے سرگودھا میں مظاہروں کے شرکا سے خطاب کیا۔ شیخوپورہ میں نائب امیر ضلع میاں اسد اللہ نے مظاہرے کی قیادت کی، امیر جماعت اسلامی کوئٹہ عبدالنعیم رند نے کوئٹہ میں مظاہرے کی قیادت کی۔