فائیو جی سپیکٹرم نیلامی، تین ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان مقابلہ

 فائیو جی سپیکٹرم نیلامی، تین ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان مقابلہ

نئی کمپنی نے پری بولی دستاویزات جمع نہ کرائیں، سرمایہ کاروں کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر

  اسلام آباد (ایس ایم زمان) پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی 10 مارچ کو متوقع ہے جس میں ملک میں موجود تین ٹیلی کام کمپنیوں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ ان کمپنیوں میں چین، متحدہ عرب امارات اور روس کی شراکت داری موجود ہے جبکہ کسی نئی کمپنی نے پری بولی مرحلے میں شرکت کے لیے دستاویزات جمع نہیں کرائیں۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کے مطابق فائیو جی سپیکٹرم نیلامی میں صرف موجودہ آپریٹرز ہی شریک ہوں گے ۔ ٹیلی نار کی فروخت کے بعد پاکستان میں یو فون کا انتظامی کنٹرول متحدہ عرب امارات کے پاس ہے، زونگ چین کی ملکیت ہے جبکہ جاز میں روسی سرمایہ کاری شامل ہے۔

حکام کے مطابق ملک میں موجود تینوں بڑے آپریٹرز کے پاس اوسطاً تقریباً 18 ہزار ٹاورز پر مشتمل وسیع نیٹ ورک موجود ہے جس کے باعث کسی نئے آپریٹر کے لیے مارکیٹ میں مقابلہ کرنا مالی اور تکنیکی طور پر انتہائی مشکل ہے ۔نئے آپریٹر کے لیے کاروبار شروع کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر ٹاورز نصب کرنا ہوں گے جس کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور کئی برس درکار ہوں گے ۔ اس کے علاوہ کمپنی کو بیک وقت 2G، 3G، 4G اور جدید ترین فائیو جی ٹیکنالوجی فراہم کرنا ہوگی۔ماہرین کے مطابق موجودہ سخت مقابلے اور بھاری اخراجات کے باعث نئے آپریٹر کے لیے منافع بخش کاروباری منصوبہ بنانا مشکل ہو چکا ہے ، یہی وجہ ہے کہ کسی نئی کمپنی نے فائیو جی سپیکٹرم نیلامی میں شرکت کے لیے دستاویزات جمع نہیں کرائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں