اسٹاک ایکسچینج،تیزی ،انڈیکس مزید1392پوائنٹس بڑھ گیا
63فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،انڈیکس 169911پوائنٹس پر بند ہوا حصص کی مالیت میں 1کھرب 91ارب اضافہ،کاروباری حجم 19فیصد کم رہا
کراچی(بزنس رپورٹر)امریکا ایران اور اسرائیل لبنان جنگ بندیوں سے متعلق مثبت پیشرفت، پاکستان کی مثالی سفارتی کوششیں ،سعودی عرب سے ملنے والی دو ارب ڈالر کی رقم ، آئی ٹی برآمدات میں اضافہ سمیت امن و امان کی مقامی سطح پر بہتر صورتحال پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے کے چوتھے روز تیزی کی جانب گامزن کئے رکھی اور بینچ مارک 100 انڈیکس کی 1لاکھ 69ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی ۔ تیزی کے سبب 63فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 1کھرب 91ارب 36کروڑ 98 لاکھ 93ہزار 430روپے کا اضافہ ہوگیا ۔دوسری جانب ملکی کرنٹ اکاؤنٹ کا بہتر ہونا بھی اسٹاک سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کرگیا۔
جس سے کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی 2379پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 1لاکھ 70ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور ہوگئی تھی ،تاہم محدود پرافٹ ٹیکنگ سے تیزی کی مذکورہ شرح برقرار نہ رہ سکی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1392 پوائنٹس کے اضافے سے 169911پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 544 پوائنٹس کے اضافے سے 51473پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1046 پوائنٹس کے اضافے سے 101374پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 2408 پوائنٹس کے اضافے سے 246056پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 19.33فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 97کروڑ 27لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔