پاک بحریہ : جدید گائیڈنس سسٹم سے لیس اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ
جدید گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ ٹیکنالوجی سے لیس میزائل نے دور فاصلے پر ہدف کو انتہائی درستگی ، تیز رفتاری سے نشانہ بنایا مقامی ساختہ میزائل پاکستان کی تکنیکی مہارت کا واضح ثبوت ، صدر، وزیراعظم ، عسکری قیادت نے ٹیم کو سراہا:آئی ایس پی آر
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، اے پی پی ،دنیا نیوز)پاک بحریہ نے مقامی ساختہ اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید گائیڈنس سسٹم اور اعلیٰ صلاحیت کی حامل ٹیکنالوجی سے لیس ہے ،مقامی ساختہ اینٹی شپ میزائل نے دور فاصلے پر ہدف کو انتہائی درستگی اور تیز رفتاری سے نشانہ بنایا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا جبکہ سائنسدانوں اور انجینئرز کی ٹیم بھی تجربے کے دوران موقع پر موجود تھی، میزائل خطرات سے بچنے اور بدلتی صورتحال میں مؤثر انداز سے ہدف حاصل کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر تیار میزائل پاکستان کی تکنیکی مہارت کا واضح ثبوت ہے ،کامیاب تجربہ آپریشنل مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج کی عکاسی کرتا ہے جبکہ کامیاب تجربے پر صدر، وزیراعظم اور عسکری قیادت نے ٹیم کو سراہا۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان نیوی سمندری دفاع کو مضبوط اور مؤثر بنانے کیلئے پرعزم ہے ، یہ تجربہ سمندر میں مؤثر دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے عزم کا مظہر ہے جبکہ علاقائی سمندری سکیورٹی اور استحکام یقینی بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔صدر آصف علی زرداری ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، مسلح افواج کے سربراہوں ،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر متعلقہ یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔