پنجاب حکومت اور ریلویز میں نئی ٹرینیں چلانے کا معاہدہ : مریم نواز کی مزید 10 اضلاع کیلئے الیکٹرو بسوں کی منظوری

پنجاب حکومت اور ریلویز میں نئی ٹرینیں چلانے کا معاہدہ : مریم نواز کی مزید 10 اضلاع کیلئے الیکٹرو بسوں کی منظوری

مریم نواز اور حنیف عباسی کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ،لاہور راولپنڈی فاسٹ ٹرین چلائی جائے گی سرکاری ملازمین کیلئے ای بائیک پراجیکٹ کی منظوری، ڈویژنل الیکٹروبس ڈپو قائم کرنیکا فیصلہ

لاہور(دنیانیوز)حکومت پنجاب اور پاکستان ریلوے کے درمیان نئی ٹرینیں چلانے کی تاریخ ساز مفاہمتی یادداشت (ایم او یو)کے تحت صوبے میں ریلوے ٹرانسپورٹ کے نئے دور کا آغاز ہو گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے معاہدے پر دستخط کئے ۔معاہدے کے مطابق لاہور سے راولپنڈی کے درمیان پاکستان کی پہلی فاسٹ ٹرین چلائی جائے گی، جس کے ذریعے 280 کلومیٹر کا سفر سوا دو گھنٹے میں طے ہوگا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 20 ریجنز میں 8 لوکل روٹس سمیت مجموعی طور پر 1415 کلومیٹر طویل نیٹ ورک پر جدید ٹرینیں چلائی جائیں گی۔

حکومت پنجاب علاقائی روٹس کے لیے جدید ڈی ایم یو ٹرینیں فراہم کرے گی جبکہ نئے ریلوے انجن اور کوچز بھی شامل کی جائیں گی۔ اہم روٹس میں شاہدرہ تا نارووال (79 کلومیٹر)، نارووال تا سیالکوٹ (62 کلومیٹر)، رائیونڈ، قصور، پاکپتن تا لودھراں (370 کلومیٹر)، شیخوپورہ، جڑانوالہ، شورکوٹ (220 کلومیٹر)، لالہ موسیٰ، ملکوال، سرگودھا (147 کلومیٹر)، فیصل آباد تا چک جھمرہ (68 کلومیٹر) اور کوٹ ادو تا کشمور (303 کلومیٹر)شامل ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے منصوبے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے 9 روٹس پر تقریباً 9 کروڑ افراد مستفید ہوں گے اور پنجاب میں جدید، تیز رفتار ٹرانسپورٹ کا خواب حقیقت بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشنز کی اپ گریڈیشن، بیوٹیفکیشن، عالمی معیار کی پارکنگ اور حادثات کی روک تھام کیلئے خودکار نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جو سپیڈ ہے ، پورے پنجاب کو آٹو پر لگا دیا ہے ،انہوں نے کام کئے وہ نظر آرہے ہیں، کام ہی کامیابی ہے ۔ ماضی میں پاکستان ریلوے کا ایک کلومیٹربھی ٹریک نہیں بنا اور نہ کسی نے سرمایہ کاری کی۔ ریلوے ٹریک کے اطراف گرین بیلٹس قائم کی جائیں گی اور چار لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔ مریم نواز نے عوام کو یورپی معیار کی سفری سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔دوسری طرف مریم نواز نے پنجاب کے مزید 10 اضلاع میں نئی الیکٹروبسیں دینے کی منظوری دے دی ہے ۔ اٹک، بھکر، حافظ آباد، خانیوال، لیہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ،سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ میں الیکٹروبسیں دی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت گزشتہ روز خصوصی اجلاس ہوا جس میں گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں بتایاگیاکہ ماہ رواں میں 100الیکٹرو بسیں، مئی کے وسط تک 350 اور جون کے آخرتک 264الیکٹرو بسیں پنجاب پہنچ جائیں گی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن میں الیکٹروبسوں کیلئے خصوصی بس ڈپو قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کیلئے ای بائیک پراجیکٹ کی بھی اصولی منظوری دے دی اور تحصیل لیول پر 1500 الیکٹرک بسیں چلانے کے لئے پلان طلب کرلیا۔پنجاب میں پہلی ای ٹیکسی سکیم پر پیشرفت کی رپورٹ پیش کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مئی میں 194 اور جون میں 208 ای ٹیکسی آئیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں