شہباز شریف کا دورہ قطر اور ترکیہ : فیلڈ مارشل ایرانی صدر اور پاسداران انقلاب کمانڈر سے ملاقاتیں
وزیراعظم کی روضہ رسولؐ پر حاضری، دوحہ میں امیر قطر سے ملاقات،دفاع ،توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ، کشیدگی میں کمی، توانائی فراہمی پر زور عاصم منیر کی مسعود پزشکیان،باقر قالیباف، لیفٹیننٹ جنرل عبدالحئی سے جنگ کے خاتمے کے فریم ورک پر بات چیت ، خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا
اسلام آباد،تہران،دوحہ (دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا گزشتہ روز بھی مشرق وسطیٰ کشیدگی میں کمی اور مصالحت کیلئے اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ دورہ ایران کے موقع پر تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ،اس دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ، قبل ازیں انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے خاتم الانبیا سنٹرل ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا جہاں ا نہوں نے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل عبدالحئی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ا نہوں نے آئی جی آر سی کے کمانڈر کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے فریم ورک کے تحت کئے گئے اقدامات اور تہران میں ہونے والی اپنی حالیہ بات چیت سے متعلق گفتگو کی۔ فریقین کے درمیان خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر زور دیا کہ جنگ کے خاتمے اور کشیدگی میں کمی کیلئے جاری کوششوں کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چا ہئے ۔ادھر وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب سے قطر پھر ترکیہ پہنچ گئے ۔ قبل ازیں شہباز شریف نے مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر حاضری دی اور ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور دنیا بھر میں امن و آشتی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔ سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد مدینہ پہنچنے پر گورنر مدینہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز آل سعودنے استقبال کیا۔
وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کیلئے روضہ رسول ؐکے دروازے کھولے گئے ۔سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد شہباز شریف دوحہ پہنچے ، وزیراعظم کے طیارے کو قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے حفاظتی حصار میں ایئر پورٹ تک پہنچایا،جہا ں قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا۔ قطری مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی بھی دی،وزیر اعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ایئرپورٹ اور دوحہ شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔ شہباز شریف اور امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان نہایت دوستانہ اور خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی ۔امیری دیوان میں ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کی۔ امیر قطر نے وزیر اعظم پاکستان اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی مکالمے کے فروغ میں پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا جو علاقائی سلامتی اور استحکام کیلئے اہم ہے ۔وزیر اعظم نے اس موقع پر قطر اور دیگر خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کی مذمت کا اعادہ کیا اور قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت اور بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے ، بالخصوص توانائی کی فراہمی کے سلسلے کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر غور کیا، خصوصاً سکیورٹی ، دفاع اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا تاکہ شراکت داری کو مضبوط بنایا جا سکے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
ملاقات میں قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی، امیری دیوان کے سربراہ عبداﷲ بن محمد الخلیفی اور دیگر اعلی ٰحکام شریک ہوئے ۔پاکستانی وفد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اﷲ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے ۔امیرِ قطر اور شہباز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطے اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ملاقات کے بعد امیرِ قطر نے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچے جہاں گورنر انطالیہ پلوسی شاہین نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔اس موقع پر پاکستان کے ترکیہ میں سفیر یوسف جنید اور اعلیٰ سفارتی اہلکار بھی موجود تھے ۔وزیراعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے لیڈرز پینل میں شریک ہوکر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے ، وزیراعظم کی صدر رجب طیب اردوان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔