خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی:وزیراعظم
مائیں، بیٹیاں، بہنیں ، بیویاں ملکی ترقی میں کردار ادا کر رہیں :شہباز شریف خواتین کو بااختیار بنانا حکومتی ویژن کا مرکزی حصہ ہے :عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی یومِ خواتین کے موقع پر پاکستان کی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی،ہماری مائیں، بیٹیاں، بہنیں اور بیویاں ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، آج ہم خواتین کی قوت، حوصلے ، قیادت اور ان کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہیں ۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ تعلیم، صحت، عوامی خدمات، کاروبار، سائنس، فنون اور کھیل سمیت ہر شعبے میں پاکستانی خواتین کی محنت اور عزم ملک کی ترقی کے لیے باعثِ فخر ہے ، ان کی کامیابیاں پوری قوم کے لیے تحریک کا باعثہیں اور مضبوط و خوشحال پاکستان کے قیام کے عزم کو مزید مستحکم کرتی ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کے ویژن کا مرکزی حصہ ہے ، حکومت خواتین کے لیے مواقع میں اضافہ، تعلیم اور معاشی سرگرمیوں میں مساوی رسائی اور ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔