سپر لیگ:کنگزمین کی فتح،راولپنڈیز کو مسلسل چھٹی شکست
راولپنڈیز نے 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 121 رنز بنائے ، کنگزمین نے ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 151 رنز کا ہدف 2 وکٹ نقصان کے 15.5 اوورز میں حاصل کیا
کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ 11 کے چوبیسویں میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست ہرا دیا۔راولپنڈیز 6 میچز کھیلنے کے باوجود تاحال فتح سے محروم ہے ۔نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں راولپنڈیز کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے ، سیم بلنگز 26 اور یاسر خان 24 رنز بناکر نمایاں رہے ۔حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔حیدرآباد کنگزمین نے شاندار بیٹگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 122 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے عرفان خان نیازی 34 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔راولپنڈیز کی جانب سے آصف آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،حنین شاہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 25ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 151 رنز کا ہدف 2 وکٹ نقصان کے 15.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔سمیر منہاس نے 36 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کھیلی، محمد فائق 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، ڈیون کونوے 53 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ، شاداب خان نے برق رفتار 31 رنز بنائے ۔کراچی کنگز کی جانب سے حسن اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 150 رنز بنائے تھے ۔ریزا ہینڈرکس نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ جیسن روئے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان اور ریزا ہینڈرکس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، فہیم اشرف اور محمد حسنین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔