انڈر 18نیشنل ہاکی چیمپئن شپ،سیمی فائنلسٹ لائن مکمل
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کی سیمی فائنلسٹ لائن مکمل ہوگئی، پاک آرمی، کسٹمز، پنجاب ٹو اور کے پی کے نے کوارٹر فائنل میں حریف ٹیموں کوشکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم اسلام آباد میں جاری ایونٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے میں پاک آرمی نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اے جے کے کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-10 گول سے شکست دی۔ پاک کسٹمز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پنجاب ون کو 2-6 گول سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔کے پی کے نے پنجاب فور کے خلاف مقررہ وقت میں برابر مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر کامیابی حاصل کی۔ جبکہ پنجاب ٹو نے پنجاب تھری کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میچز کل کھیلے جائینگے ۔