ذاتی ریکارڈز کے بجائے ٹیم کی جیت ترجیح :فہیم اشرف
اپنی ٹیم کو دیکھیں تو ہم مطمئن بھی ہیں اور نہیں بھی، آل راؤ نڈر ٹیم یونائیٹڈ
کراچی(سپورٹس ڈیسک)اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کے آل راؤ نڈر فہیم اشرف نے اس ٹورنامنٹ کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک گیم چینجر پلیٹ فارم قرار دے دیا۔ ایک انٹرویو میں فہیم اشرف نے اپنی ٹیم کی موجودہ کارکردگی، اسلام آباد یونائیٹڈ کے مضبوط کلچر، پی ایس ایل کے معیار اور نوجوان کھلاڑیوں کے مستقبل پر تفصیلی بات کی۔فہیم اشرف نے تسلیم کیا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی موجودہ کارکردگی مکمل طور پر مثالی نہیں رہی تاہم ٹیم اب بھی مضبوط پوزیشن کے لیے پر امید ہے ، ٹیم نے کچھ اہم مواقع ضائع کیے جن کا نقصان انہیں پوائنٹس ٹیبل پر ہوا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی ٹیم کو دیکھیں تو ہم مطمئن بھی ہیں اور نہیں بھی، ایک میچ ہمارا واش آؤٹ ہو گیا اور دو میچ ہم ہار گئے جو ہمیں نہیں ہارنے چاہئیں تھے لیکن آپ ہارتے بھی ہیں تو کم از کم مارجن سے ہاریں تاکہ غلطیوں سے سیکھا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کا بنیادی ہدف اب ٹاپ فور میں جگہ بنانا ہے اور اس کے بعد اگر موقع ملا تو ٹاپ ٹو کے لیے بھی بھرپور کوشش کی جائے گی۔فہیم اشرف نے کہا کہ ٹیم کی سب سے بڑی طاقت اس کا مثبت کلچر اور مضبوط کور سسٹم ہے ، وہ کبھی بھی ذاتی ریکارڈز یا ٹاپ پرفارمر بننے کے بجائے ٹیم کی جیت کو ترجیح دیتے ہیں۔