بلاول بھٹو سے شازیہ مری،شرجیل میمن و دیگر کی ملاقات

بلاول بھٹو سے شازیہ مری،شرجیل میمن و دیگر کی ملاقات

قانون سازی میں پارٹی کردار، عوامی مسائل کے حل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

کراچی(سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن ، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ، رکن سندھ اسمبلی راجہ رزاق نے ملاقات کی۔ پی پی پی پی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے دوران قومی اسمبلی سے متعلق امور بالخصوص قانون سازی میں پارٹی کے کردار پر گفتگو کی۔ شازیہ مری نے بلاول بھٹو کو سانگھڑ میں عوامی مسائل کے حل سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بریفنگ میں بتایا کہ کراچی میں عوام کی سہولت کیلئے الیکٹرک بسوں کے گلشن معمار سے ٹاور تک نئے روٹ کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ پیپلز بس سروس کے تحت ٹنڈوالہ یار سے حیدرآباد، شکار پور سے سکھر اور خیرپور سے روہڑی کے درمیان بسیں چلائی جائیں گی۔پی پی پی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور وزریر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مقامی حکومتوں میں بلدیاتی نمائندوں کو مزید اختیارات دینے کے حوالے سے قانون سازی سے متعلق چیئرمین پی پی پی سے رہنمائی لی۔ بلاول بھٹو نے پروونشل فنانس کمیشن (پی ایف سی) کا اجلاس جلد بلانے کی بھی ہدایت دی۔پی پی پی ضلع ملیر کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی راجہ رزاق نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کے دوران ضلع کی تنظیمی صورتحال کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل اور ان کے حل سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں