ایشیائی ترقیاتی بینک:غذائی تحفظ کیلئے 40 ارب ڈالر کاہدف مقرر
4سال میں 14 ارب ڈالر فنڈز فراہم کئے ، 5 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے 2030 تک مزید 26 ارب ڈالرمالی معاونت فراہم کی جائیگی:صدر اے ڈی بی
اسلام آباد(اے پی پی)ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی)نے غذائی تحفظ کیلئے 2030 تک 40 ارب ڈالر کی مالی معاونت کاہدف مقررکیاہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بینک نے ایشیا اور بحرالکاہل کے خطہ میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لئے 2022سے لے کر2025 کے دوران غذائی تحفظ کیلئے 14 ارب ڈالر کے فنڈز کی فراہمی کے اپنے وعدوں سے زیادہ مالی معاونت فراہم کی ہے ۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتوکاندا نے ایشیا وبحرالکاہل فوڈ سسٹمز فورم 2026 سے اپنے خطاب میں کہاکہ ایشیا اور بحرالکاہل کے غذائی نظام ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، بینک کو 2022 سے 2025 کے دوران 6 کروڑ 20 لاکھ کسانوں تک رسائی حاصل ہوئی اور 5 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ 2026 سے 2030 کے دوران غذائی تحفظ کے لئے مزید 26 ارب ڈالرمالی معاونت فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کہ بینک2030 تک 19 کروڑ سے زائد چھوٹے کسانوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتاہے ۔ فورم میں بتایاگیاکہ غذائی تحفظ سے متعلق سرمایہ کاری پروگراموں کے تحت جنوب مشرقی ایشیا میں 8 ارب ڈالر، جنوبی ایشیا میں 7 ارب ڈالر، وسطی و مغربی ایشیا میں 3.5 ارب ڈالر اور نجی شعبے میں 7.5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔