رواں مالی سال،8ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری44فیصد کم رہی :سٹیٹ بینک
فروری 2026 میں سرمائے کا حجم 18.67 کروڑ ڈالر ، ملکی نجی شعبے میں فروری میں 13.55 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری
کراچی(نیوزایجنسیاں)سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرونی سرمایہ کاری سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق فروری 2026 میں بیرونی سرمائے کا حجم 18.67 کروڑ ڈالر رہا، ملکی نجی شعبے میں فروری میں 13.55 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ ملکی سرکاری شعبے میں فروری میں 5.1 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی۔ سٹیٹ بینک نے بتایا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ میں 70.41 کروڑ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ مالی سال 2025 کے ابتدائی 8 ماہ میں1.58 ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری 44 فیصد کم رہی۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ جنوری 2026 کے مقابلے میں فروری 2026 میں ملکی برآمدات میں 9.6 فیصد کمی ہوئی، مالی سال 2026 کے 8 ماہ کی برآمدات 5.4 فیصد کم ہو کر 20.74 ارب ڈالر رہ گئیں۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری کے مقابلے میں فروری میں ٹیکسٹائل برآمدات میں 7 فیصد کمی آئی، 8 ماہ کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات 2.7 فیصد اضافے سے 11.91 ارب ڈالر رہیں۔مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں فوڈ گروپ کی برآمدات میں 32.5 فیصد کی نمایاں کمی دیکھی گئی، 8 ماہ کے دوران چاول کی مجموعی برآمدات میں تقریباً 39.3 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ جنوری کے مقابلے فروری میں امریکا کو برآمدات میں 9 فیصد اورچین کو 14.2 فیصد کمی ہوئی۔مزیدبراں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین کو ہونے والی برآمدات میں 23 فیصد کمی آئی۔