اسلامی ممالک کو جرات مندانہ پالیسی اپنانے کی ضرورت: اعجاز الحق

 اسلامی ممالک کو جرات مندانہ پالیسی اپنانے کی ضرورت: اعجاز الحق

دہرے معیار پر مبنی پالیسیاں اسلامی ممالک کے خلاف گھنائونی سازش کا حصہ موجودہ صورتحال میں اسلامی ممالک کو ایران کا ساتھ دینا چاہیے :میڈیا سے گفتگو

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سابق وفاقی وزیر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جرات مندانہ فیصلہ کیا ہے ، اور اگر ایران ایسا نہ کرتا تو آج اسے غزہ جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔سرگودھا میں سپرنٹنڈنٹ جیل خان وحید خان کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عرب ممالک کو بھی اسرائیل اور امریکا کے خلاف جرات مندانہ پالیسی اختیار کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق دہرے معیار پر مبنی پالیسیاں اسلامی ممالک کے خلاف گھنائونی سازش کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت عالم اسلام کے لیے انتہائی اہم ہے اور موجودہ صورتحال میں اسلامی ممالک کو ایران کا ساتھ دینا چاہیے ۔ اعجاز الحق نے خبردار کیا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو آئندہ وقتوں میں مزید مشکل حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔مزید برآں، دعوت ولیمہ کی تقریب میں اہم سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں