انصاف کی فراہمی کیلئے غیرجانبداری ضروری:چیف جسٹس
عدلیہ کی ساکھ افسران کے کردار اور صلاحیت پر منحصر ہے ،جسٹس یحییٰ آفریدی انصاف کی فراہمی کو تیز رفتار بنائیں، خیبرپختونخواکے جوڈیشل افسران کوہدایت
اسلام آباد (آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان نے حال ہی میں خیبر پختونخوا کے جوڈیشل افسران سے ملاقات کی، جو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں ان سروس پری پروموشن ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق اس موقع پر ڈی جی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اور ڈی جی کے پی جوڈیشل اکیڈمی بھی موجود تھے ۔چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا نظامِ انصاف پر عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے میں تربیتی پروگرامز کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا انصاف کی فراہمی کے لیے قانونی علم کے ساتھ دیانتداری اور غیر جانبداری ضروری ہے ۔چیف جسٹس نے جوڈیشل افسران کو ہدایت دی کہ وہ انصاف کی فراہمی کو منصفانہ اور تیز رفتار بنائیں۔چیف جسٹس نے اس بات پر زور دیا کہ منظم تربیت جدید قانونی چیلنجز اور کیس مینجمنٹ کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے اور عدلیہ کی ساکھ افسران کے کردار اور صلاحیت پر منحصر ہے ۔سپریم کورٹ آمد پر چیف جسٹس اور وفد کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔