پاکستان کی مؤثر ثالثی سے جنگ بندی مستقل ہو گی:سردار یوسف

 پاکستان کی مؤثر ثالثی سے جنگ بندی مستقل ہو گی:سردار یوسف

وزیراعظم کے دور وں کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے :وزیر مذہبی امور تعلیمی اداروں کا اسلامی بینکاری کے فروغ میں کردار نہایت اہم :گفتگو، خطاب

لاہور (نامہ نگار خصوصی،سیاسی نمائندہ)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ امریکا ایران جنگ میں ثالثی کردار نے پاکستان کی علاقائی اہمیت میں کئی گنا اضافہ کیا،شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کے مؤثر کردار سے دنیا بڑی جنگ سے بچ گئی ،پاکستان کی مؤثر ثالثی کے نتیجہ میں جنگ بندی بھی مستقل بنے گی اور عالمی امن کی طرف پیش رفت بھی ہوگی،پاکستان کے مثبت کردار کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔وہ گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر ابراہیم مراد کے دیئے گئے ظہرانہ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر سینیٹر حافظ عبدالکریم، حافظ زبیر اشرفی، امتیاز غنی ،مولانا امجد شبیر عثمانی، مجیب الرحمن شامی، سلمان غنی، حفیظ اﷲنیازی، اعجاز حفیظ، پروفیسر سجاد قمر،دیگر علماء بھی موجود تھے ۔سردار محمد یوسف نے مزید کہا کہ رواں سال 1 لاکھ 80 ہزار عازمین حج کیلئے جا رہے ،شہباز شریف کے دورہ سعودیہ،قطر و ترکیہ کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے ،آنے والا وقت پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کیلئے اہم ہے ۔دریں اثناء جمعہ کو یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی(یو ایم ٹی)میں منعقدہ فورم سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں سردار محمد یوسف نے کہا کہ اسلامی اقتصادی اصول ہی پائیدار ترقی اور فلاحی معاشرے کے ضامن ہیں، تعلیمی اداروں کا اسلامی بینکاری کے فروغ میں کردار نہایت اہم ہے ۔اس موقع پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم نے آن لائن خطاب میں کہا کہ مسلم امہ کو درپیش معاشی چیلنجز کا حل تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ تقریب میں چیئرمین یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد ، ایگزیکٹو ڈائریکٹرسٹیٹ بینک غلام محمد عباسی، کمشنر سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن امتیاز حیدر ، صدرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس ذکی اعجاز بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں