پانچ ہفتوں بعد مہنگائی 0.69فیصد کم،سالانہ شرح12.16فیصد برقرار
ایل پی جی سلنڈر 230 ، آٹا 20 کلو 72 روپے ، کیلے 6 روپے درجن،پیاز 4 ،چکن 45روپے کلو سستے ہوئے انڈے 5.15 روپے درجن، ٹماٹر 5 روپے ،دودھ 2.5 روپے کلو مہنگے ، 17اشیا کی قیمتیں برقرار ، ادارہ شماریات
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) پچھلے پانچ ہفتوں کے مسلسل اضافے کے بعد ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.69 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کی بڑی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور بعض ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام بتایا گیا ہے ۔ادارہ شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح تاحال 12.16 فیصد رہی۔ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 17 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ دیگر اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ سبزیوں میں ٹماٹر فی کلو 5 روپے مہنگا ہوا، جبکہ کیلے فی درجن 6 روپے اور پیاز فی کلو 4 روپے سستے ہوئے ۔ڈیری مصنوعات میں تازہ دودھ فی کلو 2.5 روپے مہنگا ہوا اور دہی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ انڈے فی درجن 5.15 روپے مہنگے ہوئے ۔ گوشت میں مٹن کی فی کلو قیمت 5 روپے سے زائد بڑھی تاہم چکن فی کلو 44.76 روپے سستا ہوا۔ بریڈ، دال مونگ، گھی، کپڑا، شٹرنگ اور صابن بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل رہے ۔ گھریلو ایل پی جی سلنڈر 230.52 روپے سستا ہوا۔ آٹے کا 20 کلو تھیلا 72 روپے کم قیمت پر دستیاب رہا جبکہ دال ماش، جلانے کی لکڑی، گڑ، چینی اور لہسن بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل تھے ۔ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چاول، نمک اور بجلی سمیت 17 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں جس سے صارفین کو جزوی ریلیف ملا۔