عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا رکھنا حکومتی نااہلی :حافظ نعیم

 عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا رکھنا حکومتی نااہلی :حافظ نعیم

پنجاب میں عوام کے ٹیکسز سے اشتہارات چلائے جا رہے ، ادارہ نہیں چلا سکتے امن کیلئے پاکستان کی ثالثی خوش آئند ،ملکی مفاد میں فائدہ بھی اٹھانا چاہیے :خطاب

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 49 ہزار میگا واٹ ہے جبکہ شدید گرمی میں بھی کھپت صرف 25 ہزار میگا واٹ رہتی ہے ،بجلی پیدا کرنے کی وافر صلاحیت کے باوجود عوام کو لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا رکھنا حکمرانوں کی مجرمانہ نااہلی ہے ، ناجائز معاہدے کرکے سالانہ 2 ہزار ارب روپے آئی پی پیز کو کپیسٹی چارجز کی مد میں دئیے جا رہے ہیں،پنجاب میں عوام کے ٹیکسز سے اشتہارات چلائے جاتے ہیں لیکن کوئی ادارہ نہیں چلا سکتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں بنوقابل کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجاوید قصوری، اکرام اللہ سبحانی،مظہر اقبال رندھاوا، ڈاکٹر احسان اللہ و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔  حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب حکومت سکولوں کو بہتر بنانے کے بجائے انہیں آئوٹ سورس کر رہی ہے ،سکولوں میں 5 سے 8 ہزارروپے ماہانہ پر اساتذہ رکھ کر نئی نسل کے مستقبل سے کھیلا جا رہا ہے ، صحت کے بنیادی مراکز کو آئوٹ سورس کر کے مریم نواز کا نام دیا جا رہا ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا خطے میں امن کیلئے پاکستان کی ثالثی خوش آئند ہے مگر اس سے ملکی مفاد میں فائدہ بھی اٹھانا چاہیے ، جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کیلئے عوام کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں