سٹیٹ بینک شرح سود برقرار رکھے :پی آئی ای ڈی کا مشورہ
گزشتہ ماہ مہنگائی کا شہری علاقوں میں 7اعشاریہ 3 تک پہنچنا تشویشناک ہے جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے کا بھی خدشہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ )نے سٹیٹ بینک کو شرح سود ساڑھے 10 فیصد پر برقرار رکھنے کا مشورہ دیا ہے ۔ یہ بھی کہا ہے کہ تیل کی قیمتیں اور مہنگائی مزید بڑھنے یا روپے کی قدر گرنے سے شرح سود میں اضافہ ممکن ہے ،سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج 27 اپریل کو ہوگا۔ اجلاس سے ایک روز پہلے اپنے اعلامیے میں پی آئی ای ڈی (پائیڈ) کا کہنا ہے مارچ میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر شہری علاقوں میں 7اعشاریہ 3 اور دیہی علاقوں میں 8اعشاریہ4 فیصد تک پہنچنا تشویشناک ہے ، جس کی بڑی وجہ خوراک اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات ہیں، ایسے میں شرح سود کم کرنا خطرناک ہو سکتا ہے ،جنگی صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے ، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث ترسیل اور انشورنس کے اخراجات بڑھ رہے ہیں، ایسے میں شرح سود میں ردوبدل کے بجائے موجودہ سطح پر برقرار رکھی جائے ۔