وزیر اعلیٰ جلد 3200 صحافیوں کو چھت فراہم کرینگی:عظمیٰ بخاری
صحافت اور سیاست کا آپس میں گہرا تعلق، دونوں ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم آزاد و ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے :عالمی دن پر بیان
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا آپس میں گہرا تعلق ہے ، یہ دونوں جمہوریت کے استحکام کیلئے ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب جلد صوبے کے 3200 صحافیوں کو ان کی اپنی چھت فراہم کرنے جا رہی ہیں جو صحافتی تاریخ کا بڑا ریلیف پیکیج ہے ۔ عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پراپنے بیان میں انہوں نے تمام میڈیا ورکرز اور صحافتی برادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موسم کی سختیوں اور نامساعد حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے میڈیا ورکرز ہی درحقیقت صحافت کے اصل ہیروز ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے ،آج کے جدید دور میں آزادیِ صحافت اور پروفیشنل جرنلسٹس کیلئے سب سے بڑا مسئلہ \'\'فیک نیوز\'\'ہے ،افسوس فیک نیوز کی بھرمار نے نہ صرف معاشرے میں ہیجان پیدا کیا بلکہ اصل اور ذمہ دارانہ صحافت کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ،پنجاب حکومت ایک آزاد و ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ صحافیوں کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں،پنجاب حکومت نے صحافیوں کی بیٹیوں کیلئے میرج گرانٹ اور صحافیوں کیلئے ہیلتھ گرانٹ کی رقم بھی فوری طور پر ڈبل کر دی ہے ، میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ اور ان کی بہبود پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہے ۔