قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے بنگلہ دیش پہنچ گئی
ڈھاکا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال ، کھلاڑیوں کو گلدستے پیش ،سخت حفاظتی انتظامات میں مقامی ہوٹل پہنچایا گیا، پہلا ٹیسٹ 8مئی سے شروع ہوگا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان ٹیسٹ ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف 2میچز پر مشتمل سیریز کیلئے کراچی سے ڈھاکا پہنچ گئی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا ڈھاکا ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام نے کھلاڑیوں کو گلدستے پیش کئے ،قومی ٹیم کو سخت حفاظتی انتظامات میں مقامی ہوٹل پہنچایا گیا، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ8مئی سے میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں شروع ہوگا، میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کا حصہ ہونگے ،پاکستان کی 16 رکنی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد عباس، حسن علی، خرم شہزاد، ساجد خان، نعمان علی، غازی غوری، اذان اویس، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ فضل اور عماد بٹ شامل ہیں،غازی غوری، اذان اویس، عبداللہ فضل اور عماد بٹ ریزرو کھلاڑی ہیں، سابق قومی کپتان سرفراز احمد ہیڈ کوچ، عمر گل بولنگ کوچ اور اسد شفیق بیٹنگ کوچ ہیں۔