جمائما کو دوبارہ محبت مل گئی،ارب پتی کیمرون اوریلی سے منگنی
کیمرون اور جمائما فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کے دوران ملے جمائما کی شادی عمران سے 1995 میں ہوئی تھی،2004 میں طلاق ہو گئی
لندن(نیوز ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمیتھ کو دوبارہ محبت مل گئی ۔ وہ گزشتہ ایک سال سے ارب پتی سافٹ ویئر سرمایہ کار کے ساتھ تعلق میں ہیں۔52 سالہ جمائما گولڈ اسمیتھ کی منگنی 62 سالہ کیمرون او ریلی سے ہوئی ہے ، جو آئرش آسٹریلوی فنانسر ہیں اور آنجہانی میڈیا ٹائیکون و بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔دی میل آن سنڈے کے مطابق چار بچوں کے والد کیمرون او ریلی اور جمائما کی ملاقات مختلف ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کے دوران ہوئی۔ قریبی دوستوں کے مطابق یہ جوڑا سوئٹزرلینڈ اور ویسٹ لندن میں وقت گزارتا ہے اور ایک ساتھ بہت خوش ہے ۔ایک دوست کے مطابق وہ پہلے کام کے ذریعے ملے اور کچھ عرصہ دوست رہے ، تاہم اب ایک سال سے زائد عرصے سے بطور جوڑا ساتھ ہیں۔جمائما کے اداکار ہیو گرانٹ اور کامیڈین رسل برینڈ کے ساتھ بھی تعلقات رہے ، جبکہ ان کا نام لوک جانکلاؤ اور پیٹر مورگن سے بھی جوڑا جاتا رہا۔
قریبی حلقوں کے مطابق یہ منگنی جمائما کی زندگی میں ایک نئے اور مستحکم باب کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے ، خاص طور پر اس لیے کہ دونوں کو ڈاکیومنٹریز بنانے میں مشترکہ دلچسپی ہے ۔یاد رہے جمائما کی شادی عمران خان سے 1995 میں ہوئی تھی اور 2004 میں طلاق ہو گئی،عمران خان جمائما کے دو بیٹوں قاسم اور سلیمان کے والد ہیں ۔ عمران خان نے کہا تھا کہ ان کی سیاسی زندگی جمائما کے لیے پاکستان میں ایڈجسٹ کرنا مشکل بنا رہی تھی۔جمائما گولڈ اسمیتھ اپنے سابق شوہر عمران خان کی رہائی کے لیے مہم بھی چلا رہی ہیں تاکہ وہ جیل سے رہا ہو جائیں۔