دنیا میں تصادم بڑھ ،امن کے سائے سکڑ رہے :احسن اقبال
تصادم اور نفرت سے ترقی پذیر ممالک بری طرح متاثر ہورہے :وفاقی وزیر 5 ، 6 مئی کو نارووال میں دوسری انٹرنیشنل کانفرنس منعقد ہوگی:گفتگو
نارووال (خبرنگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا میں تصادم بڑھ رہے ہیں اور امن کے سائے سکڑ رہے ہیں،اس تصادم اور نفرت سے ترقی پذیر ممالک بری طرح متاثر ہورہے ہیں،مقامی،علاقائی اور عالمی سطح پر تصادم کی بجائے مکالمے کی آواز کو مضبوط کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 5مئی سے یونیورسٹی آف نارووال میں شروع دوسری دو روزہ انٹرنیشنل پیس کانفرنس کے سلسلہ میں پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 5 اور 6 مئی کو نارووال میں دوسری انٹرنیشنل کانفرنس ہو رہی ہے ،پیس کانفرنس میں 20 بین الاقوامی مندوبین شریک ہو رہے ہیں، کانفرنس میں مراکش کے سابق وزیراعظم بھی تشریف لا رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ 6 مئی 2018 کو انتہا پسندی کے شکار نوجوان نے میری زندگی لینے کی کوشش کی لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھے نئی زندگی عطا کی، اسی مناسبت سے ملک میں امن، انتہا پسندی کی روک تھام کیلئے نیشنل کانفرنسز کا آ غاز کیا،اس کانفرنس کو نارووال پیس ڈائیلاگ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس کا درجہ دیا گیاہے ۔