جعلی خبروں کا منظم پھیلاؤ قومی ہم آہنگی کیلئے سنجیدہ خطرہ:وزیراعظم:نواز شریف سے ملاقات،معیشت ملکی اور عالمی صورتحال پر مشاورت

جعلی  خبروں کا منظم پھیلاؤ قومی ہم آہنگی  کیلئے  سنجیدہ  خطرہ:وزیراعظم:نواز شریف سے ملاقات،معیشت ملکی اور عالمی  صورتحال پر مشاورت

میڈیا ادارے ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو جدید خطوط پر استوار کریں ، فیک نیوز اورپراپیگنڈا کے پھیلاؤ کو روکنا ہر صحافی کی پیشہ ورانہ ذمہ داری :شہبازشریف وزیرِ اعظم نے نواز شریف کو مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال کے ساتھ خطے میں قیامِ امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، مریم نواز ملاقات میں شریک تھیں

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف  نے کہاہے کہ میڈیا ادارے ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق خود کو جدید خطوط پر استوار کریں کیونکہ جعلی خبروں اور منظم گمراہ کن مہمات کا پھیلاؤ قومی ہم آہنگی اور عالمی ساکھ کیلئے ایک سنجیدہ خطرہ بن چکا ہے ۔حکومت پاکستان صحافت کی آزادی کیلئے پرعزم ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جاتی امراء میں قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملکی و سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے ایک بیان میں کہاکہ عالمی یومِ آزادیِ صحافت پر میں پاکستان اور دنیا بھر کے صحافی، کالم نویس، رپورٹرز، مدیران، براڈکاسٹنگ اورصحافت  سے وابستہ تمام افراد کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ایک باخبر اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں صحافیوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور غیر جانبدار، مستند اور بروقت اطلاعات کی فراہمی ہی حقیقی صحافت کی بنیاد ہے ۔

انہوں نے زور دیا کہ فیک نیوز، پراپیگنڈا اور غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ کو روکنا ہر صحافی کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے ۔صحافی ایک باوقار، محفوظ اور سازگار ماحول میں اپنے فرائض انجام دینے کے حق دار ہیں جبکہ پاکستان مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے ، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے ۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ قومی میڈیا نے مشکل حالات میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتے ہوئے عوام کو درست معلومات فراہم کیں اور گمراہ کن خبروں کا مؤثر تدارک کیا۔ انہوں نے ان صحافیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بعدا زاں قائدمسلم لیگ ن نوازشریف سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے نواز شریف کو مجموعی قومی صورتحال پر بریفنگ دی اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال کے ساتھ خطے میں قیامِ امن کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔وزیرِ اعظم نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور عوامی ریلیف کیلئے حکومتی اقدامات پر بھی نواز شریف کو اعتماد میں لیا۔ ملاقات میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف بھی شریک تھیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں