مریم نواز کی فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کا تعمیراتی عمل تیز کرنے کی ہدایت
جائزہ اجلاس میں ماس ٹرانزٹ سسٹم پر تفصیلی بریفنگ ، ہر اوپن مقام پر سبزہ لگانے کا حکم صحافیوں کے’’اپنے گھر‘‘کا خواب پورا کرنے کیلئے کوشاں ، تحفظ بھی یقینی بنا رہے :وزیراعلیٰ
لاہور(این این آئی،آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنی زیر صدارت منعقدہ خصوصی اجلاس میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تعمیراتی عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے ،اس دوران انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ماس ٹرانزٹ سسٹم میں اچھی اور وسیع ایلی ویٹر نصب کرنے اور ہر اوپن مقام پر اربن فارسٹ اور سبزہ لگانے کابھی حکم دیا ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ 20اعشاریہ 5 کلومیٹر طویل فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 21 اسٹیشن بنیں گے ۔ 11اعشاریہ 3 کلومیٹر روٹ اور 11 اسٹیشن ایلی ویٹڈ ہوں گے ،فیصل ٹاؤن اور ایئرپورٹ چوک میں فیصل آباد ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈپو بنائے جائیں گے ۔
ددسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ''پرامن مستقبل کی تشکیل''کے عنوان سے منسوب یومِ آزادی صحافت پرجاری پیغام میں صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری کے ساتھ آزادی صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد اور پہچان ہے ،آزاد، خودمختار اور ذمہ دار میڈیا ہی حقیقی صحافتی طاقت ہے ،آزادی صحافت کیلئے صحافیوں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں ۔مریم نواز شریف نے کہا صحافت آزاد اور ذمہ دار ہو تو جمہوریت مضبوط ہوتی ہے ،صحافی برادری کیلئے ’’اپنے گھر‘‘کا خواب پورا کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،جمہوریت کی سر بلندی کے سفر میں اہل صحافت کے ساتھ ہیں،آزادی صحافت کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھی جائے گی۔سب کو پروپیگنڈہ، فیک نیوز اور افواہ نماخبروں کی نشر واشاعت کے سدِباب کا عہد کرنا ہوگا۔ مریم نواز نے کہا صحافیوں کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ، ڈیجیٹل میڈیا کے برق رفتار دور میں بھی مسابقت سچ کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے ، عالمی یوم آزادی صحافت پر سچ، ذمہ داری کے ساتھ پیش کرنے کا عہد ضروری ہے ۔